پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی دربارِ عالیہ چشتیہ کامونکی میں قل شریف کی محفل میں شرکت

چیئرمین سپریم کونسل منہاجُ القرآن انٹرنیشنل، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دربارِ عالیہ چشتیہ کامونکی، چشتیاں شریف کے سجادہ نشین، معروف روحانی شخصیت پیر ڈاکٹر سید جمیل الرحمن چشتیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ قل شریف کی محفل میں خصوصی شرکت کی اور حاضرین سے خطاب فرمایا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر مرحوم کے بھائی پیر خلیل الرحمن چشتی، صاحبزادے پیر نبیل الرحمن چشتی، اہلِ خانہ اور تمام متوسلین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر ڈاکٹر سید جمیل الرحمن چشتیؒ نہایت ملنسار، خوش مزاج اور علم و روحانیت سے معمور شخصیت تھے۔ ان کی زندگی خدمتِ دین، اصلاحِ احوال اور محبت و اخوت کے فروغ کے لیے وقف رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی زندگی دراصل ایک سفر ہے جو ابدی زندگی کی طرف منتقلی (transition) ہے۔ پیر جمیل الرحمن چشتیؒ جیسی نفوسِ قدسیہ حق الیقین کے مقام پر فائز ہوتے ہیں، جن کی زندگیاں اللہ کی رضا اور بندگانِ خدا کی خدمت میں گزرتی ہیں۔ ان کی یادیں اور تعلیمات ہمیشہ قلوبِ مومنین کو منور رکھیں گی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی۔ تقریب میں میاں زاہد اسلام، علامہ رانا محمد ادریس قادری، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض الاسلام، قاری ریاست علی چدھڑ اور دیگر معزز شخصیات سمیت بڑی تعداد میں مریدین، متوسلین اور اہلِ محبت شریک ہوئے۔
























تبصرہ