نیک اعمال ہی آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہیں: علامہ رانا محمد ادریس
نیک اعمال کی بنیاد اخلاص و سچی نیت ہے۔ نائب ناظمِ اعلیٰ
نماز، روزہ، زکوۃ اور حقوق العباد کی ادائیگی آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں
جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (14نومبر2025)نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک امتحان ہے اور آخرت ہماری اصل منزل۔ انسان کے ساتھ قبر سے قیامت تک صرف اس کے نیک اعمال جاتے ہیں۔ اس لئے سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ زندگی کو اللہ کی رضا کے مطابق گزارا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نیک اعمال کی بنیاد اخلاص و سچی نیت ہے۔ نماز، روزہ، زکوۃ اور حقوق العباد کی ادائیگی آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں۔ حسن اخلاق اور خدمت خلق وہ اعمال ہیں جو انسان کو اللہ کے نزدیک کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ توبہ انسان کو گناہوں کے بوجھ سے پاک کرتی ہے، جنت ان لوگوں کےلئے ہے جو ایمان اور عمل صالح کے ساتھ زندگی گزاریں، صبر کریں، معاف کریں اور اللہ کے راستے میں خرچ کریں۔ خوش نصیب وہ ہیںجو آج نیکی کرتے ہیں اور کل کے سفر کےلئے توشہ جمع کرتے ہیں۔ انسان جب تک اپنے اعمال، اپنے نظریات اور اپنے طرزِ زندگی کو مکمل طور پر قرآن و سنت کے مطابق نہیں ڈھالتا، اس وقت تک نہ دنیا میں حقیقی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے اور نہ آخرت میں فلاح نصیب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخرت کا پہلا مرحلہ موت ہے، ایک یقینی حقیقت جس سے کوئی شخص فرار حاصل نہیں کر سکتا، دنیا کی رنگینیوں، آسائشوں اور ساز و سامان کے باوجود یہ زندگی آخرت کے مقابلے میں محض ایک پل کی مانند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ ہمیں نیک اعمال، حسن کردار اور آخرت کی کامیابی عطا فرمائے۔ دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی جامع شیخ الاسلام میں نمازِ جمعہ ادا کی اور ملک و بیرونِ ملک سے آئے وفود اور گوشۂ نشینان سے ملاقات کی۔


















تبصرہ