مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کےزیراہتمام ’’قومی طلبہ کنونشن‘‘ کا انعقاد
نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کی قوت رکھتے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
طلبہ کو علم سے محبت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا: چیئرمین سپریم کونسل
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ہر دور میں تعلیم، امن اور کردار سازی کی علامت ر ہی ہے: شیخ فرحان عزیز
تقریب کے اختتام پرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 31 ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا

لاہور (17 نومبر 2025) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کےزیر اہتمام منعقدہ ہونے والے ’’قومی طلبہ کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کی قوت رکھتے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کابنیادی مقصد نوجوانوں میں اخلاقی تربیت، تعلیمی بیداری، خدمت خلق کا شعور پیدا کرنا ہے۔ موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت دینا ہے اور اس کا بہترین نسخہ مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال ؒ کی فکر و فلسفے میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ؒ نے نوجوانوں کو شاہین کا استعارہ اس لئے دیا کہ شاہین ہمت، خودداری اور عمل کا پیکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر سست روی، کم ہمتی اور مایوسی چھوڑ کر اپنی اصل پہچان تلاش کریں تو وہ ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ MSM کے نوجوان ملک میں ایک ایسا علمی اور پرامن معاشرہ تشکیل دینے کی جدوجہد میں مصروف ہیں جو مستقبل میں مصطفوی اقدار کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ جدید دور میں طلبہ کو صرف ڈگری نہیں بلکہ کردار، ویثرن اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ MSM نے تعلیم و تربیت کے میدان میں جو مثبت روایت قائم کی ہے اسے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تا کہ نوجوان اپنے ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ایک بامقصد رشتہ قائم کر سکیں۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 31ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے منعقد ہونے والے ’’قومی طلبہ کنونشن‘‘ میں مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے اپنے خطاب میں کہاکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا مقصد نوجوانوں کو علم، کردار اور خدمت کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ MSM ہر دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہنمائی میں تعلیم، امن اور کردار سازی کی علامت رہی ہے اور ہم اسی مشن کو مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں گے۔
تقریب میں تنویر خان، ڈاکٹر ایوب بیگ، سعید عالم، اسحاق حارث، رانا وحید شہزاد، میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، میاں عبدالقادر، فیض عالم، سردار عمر دراز خان، ضیاء الرحمن ضلج، میاں عنصر، اسامہ مشتاق، رانا تجمل سمیت ملک بھر سے MSM کے زونل و ڈویژنل صدور، طلبہ، اساتذہ اور سابق عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر 31 ویں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔


















تبصرہ