دین کے علم کو عام کرنا بہترین عبادت ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نوجوانوں کی علمی و اخلاقی تربیت وقت کی ضرورت ہے: چیئرمین سپریم کونسل
حَیَّ عَلَی الْفَلاح کے کورسز طلبہ کو قرآن و سنت تک براہِ راست رسائی فراہم کرتے ہیں
’’حَیَّ عَلَی الْفَلاح‘‘ اسلامی لرننگ کورسز کی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

hayya alal falah learning courses Website launch awards ceremony

لاہور (19 نومبر2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے دین سیکھنے اور سکھانے کے حوالے سے قائم آن لائن "حی علی الفلاح"اسلامک لرننگ کورسز پروگرام کی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حقیقی قائد وہ ہے جو خدمت، کردار اور علم کے ذریعے اپنی شناخت قائم کرتا ہے۔ قیادت کا اصل معیار بلند اخلاق، سچے کردار، انسانیت کی خدمت اور علم سے وابستگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان آج بے شمار چیلنجز کاسامنا کر رہے ہیں، انہیں مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لئے دینی، اخلاقی اور علمی رہنمائی ناگزیر ہے۔ جس معاشرے میں کردار اور علم کو بنیاد بنایا جائے وہاں ترقی اور امن خود دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔ دین کے علم کو عام کرنا بہترین عبادت ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تعاون سے منعقدہ اسلامک لرننگ کورسز پروگرام کی ویب سائٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹر فارن افیئرز شکیل احمد طاہر نے بتایا کہ ’’"حی علی الفلاح"ایک جدید اسلامی لرننگ پلیٹ فارم ہے جس کے تحت نوجوانوں کےلئے قرآن و حدیث پر مبنی مربوط کورسز اور عملی زندگی میں رہنمائی دینے والے خصوصی پروگرام شامل کئے گئے ہیں۔ اس اسلامک لرننگ ویب سائٹ کے ذریعے ہر شخص فہم دین کورسز سے اپنی سہولت کے مطابق فائدہ اٹھا سکے گا، مصروف ترین زندگی میں کوشش کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد دستیاب وقت میں دین کی بنیادی تعلیمات حاصل کر سکیں۔ احیاء اسلام کی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل سے وابستہ ہر ممبر کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ دعوت دین کا فریضہ انجام دیتا رہے۔

حی علی الفلاح اسلامک لرننگ کورسز پروگرام کے صدر مشتاق سہروردی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دعوت دین ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسلامک لرننگ کورسز کا اجرا 5 سال قبل رمضان المبارک میں کیا گیا۔ اس پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے اور اب تک 23 کورسز انعقاد پذیر ہو چکے ہیں اس موقع پر 5 سالہ کارکردگی پر مشتمل ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں پروگرام کے بانی سہیل سہروردی مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

تقریب میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود قادری، سید امجد علی شاہ، فیض عالم، میاں غلام مرتضیٰ مرتضائی، میاں عبد القادر، مشتاق علی خان سہروردی، وقاص مصطفوی، طلحہٰ میر، صباح جبین، احمد محی الدین کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن، ڈاکٹر محمد الیاس اعظمی، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت بغدادی، علامہ صابر حسین نقشبندی، علامہ محب اللہ اظہر، حافظ ساجد، علامہ راؤ سعد اللہ اور علامہ جمیل حیدر سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top