اسلام کا معاشی نظام آزاد مارکیٹ سے قریب تر ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین

آپ ﷺ نے فرمایا ایماندار تاجر قیامت کے دن انبیا و شہدا کے ساتھ ہوں گے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
اسلامی معاشی نظام جائز منافع سے نہیں روکتا: عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (25 نومبر2025) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل، ماہر معاشیات، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام کا معاشی نظام آزاد مارکیٹ کے قریب ترہے۔ اسلامی معاشیات کا بنیادی مقصد معاشرے میں کمزور طبقات کی خوشحالی ہے۔ اسلام کا معاشی نظام جدید دور کے چیلنجز کا موثر حل بھی فراہم کرتا ہے اور حقیقی فلاحی ریاست کی ضمانت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہاکہ اسلامی معاشیات میں تجارت کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ’’سچے اور ایماندار تاجر قیامت کے دن، انبیا، صدیقین اور شہدا کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی تجارت میں دھوکہ، ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کی سخت ممانعت ہے۔ باہمی رضا مندی، شفاف لین دین، انصاف اور اعتماد تجارت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسلامی معیشت کے نظام کو اکثر غلط طور پر محدودیت یا اشتراکیت سے جوڑا جاتا ہے جبکہ اسلامی تعلیمات واضح کرتی ہیں کہ اسلام کا معاشی نظام آزاد مارکیٹ کے جدیداصولوں کے مطابق ہے۔ اسلامی معاشی نظام جائز منافع سے نہیں روکتا بشرطیکہ اس میں کسی پر ظلم نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں زکوۃ کا نظام غریبوں، مسکینوں، بے سہارا افراد، قرض داروں اور کمزور طبقات تک دولت کی منصفانہ تقسیم تک یقینی بناتا ہے۔ ہر صاحب نصاب مسلمان پر زکوۃ فرض ہے۔ اس نظام کا مقصد غربت کا خاتمہ، معاشرتی ہم آہنگی اور طبقاتی خلیج کو کم کرنا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق، جنید وارثی، چوہدری محمد راشد، شہزاد خان، ثاقب بھٹی و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top