تاجر اتحاد گروپ ٹاؤن شپ کے زیراہتمام میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سمیت بڑی تعداد میں تاجروں کی شرکت
حضور نبی اکرمؐ نے تجارت کو پسند فرمایا، ایماندار تاجر کا وجود سوسائٹی کے لئے نعمت ہوتا ہے:مقررین

milad mustafa conference tajir ittehad group township

لاہور (یکم دسمبر 2025ء) تاجر اتحاد گروپ ٹاؤن شپ لاہور کے زیر اہتمام میلاد مصطفیؐ کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سمیت علمائے کرام اور تاجر برادری کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ ہر طبقہ عمر اور طبقہ فکرکے افراد کے لئے ذریعہ راہ نمائی ہیں۔ آپؐ نے انسانیت کو زندہ رہنے کا سلیقہ اور تعلیم دی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا روم ؒفرماتے ہیں کہ انسان اللہ کی صفاتی تخلیق کا سایہ ہے اور اسی نسبت سے اس کے کردار و اخلاق میں اللہ کی صفات جھلکنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ کی ساری دعوت اخلاق و کردار سنوارنے پر تھی، بطور اُمتی ہمارے لئے یہ فرض عین ہے کہ ہم حضور نبی اکرمؐ کی پاکیزہ سیرت کو پڑھیں، سیکھیں اور پھر اُس پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان کا کردار زنگ آلود ہوجاتا ہے تو پھر اس پر خواہشات نفسانی کا غلبہ ہوجاتا ہے اور پھر اچھے اور برے کی تمیز ختم ہو جاتی ہے۔ اخلاق سنوارنے پر محنت کرنا تعلیمات مصطفیؐ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں حضور نبی اکرمؐ کے اخلاق کریمانہ کے درجنوں پہلو بیان کئے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایک بامقصد اور مبارک کانفرنس کا انعقاد کرنے پر تاجر اتحاد گروپ ٹاؤن شپ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ نے اپنے لئے تجارت کو ذریعہ روزگار پسند فرمایا اور انسانیت کو تجارتی اخلاقیات کے سنہرے اصول عطا فرمائے۔ اگر ہم آپؐ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں حصہ لیں تو ہر قسم کی کساد بازاری، گرانی کا خاتمہ ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک تاجر کسی بھی ملک اور معاشرے کے لئے فقط ریڑھ کی ہڈی نہیں ہوتا بلکہ ایماندار تاجر کا وجود سوسائٹی کے لئے نعمت ہوتا ہے۔ کانفرنس میں علاقہ کی معزز شخصیات، علمائے کرام، لاہور چیمبر آف کامرس، ٹریڈ یونینز، تحریک منہاج القرآن، منہاج ویمن لیگ، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ صدر تاجر اتحاد گروپ ٹاؤن شپ لاہور چودھری ذوہیب فاروق گجر نے عہدیداروں کے ہمراہ مہمانان کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top