تحریکِ منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ماہانہ مجلسِ ختمِ الصلوٰۃ علی النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد

لاہور: تحریکِ منہاج القرآن لاہور کے زیرِ اہتمام ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ نہایت عقیدت، محبت اور شانِ مصطفیٰ ﷺ کے شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی، جس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلس کی نظامت کے فرائض گل محمد نعیمی، مدثر رسول نوری اور نورالعین سعیدی نے انجام دیے۔ آغاز قاری محمد سجاد قادری کی روح پرور تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد ثناخوانِ مصطفیٰ ﷺ—حافظ محمد شوکت، حافظ محمد عمر، سید فرید المقصود، محمد زاہد قادری، سید رضا چشتی، محمد حسنین نقشبندی، محمد ابوبکر قادری، سمیع بلالی و برادران اور حسن جمال چشتی و برادران—نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت بھرے نعتیہ تحائف پیش کیے۔ قاری اکرام ربانی نے وظائف خوانی کے فرائض ادا کیے۔ گوشۂ درود میں اب تک پیش کیے گئے درود و سلام کی مجموعی تعداد 8کھرب، 21 ارب، 50 کروڑ، 30 لاکھ، 45 ہزار، 187 جبکہ ماہِ نومبر میں 1 ارب، 61 کروڑ، 56 لاکھ، 72 ہزار، 793 مرتبہ درودِ پاک حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہِ عالیہ میں پیش کیا گیا۔تقریب میں مربیٔ گوشۂ درود سید مشرف علی شاہ، فیض عالم، راجہ زاہد محمود، کرنل جاوید، حافظ محمد وقار، ڈائریکٹر گوشۂ درود علامہ لطیف مدنی، نگران گوشۂ درود غلام فرید عاجز، علامہ علی رضا، امتیاز حسین اعوان، محمد ایوب انصاری، غلام محی الدین، محمد خرم، مظہر تنویر سمیت تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں، گوشہ نشینان، ویمن لیگ، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم اور لاہور بھر کے شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مجلس کی خصوصی آن لائن نشست میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کا ایمان افروز خطاب بھی شامل کیا گیا۔ آپ نے آیتِ درود کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے ملائکہ ہمیشہ حضور نبی کریم ﷺ پر درود بھیجتے ہیں، اور اہلِ ایمان کو حکم ہے کہ وہ محبت، ادب اور تعظیم کے ساتھ درود و سلام پڑھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو ہمیشہ تعظیمی انداز سے خطاب فرمایا—یٰس، طٰہٰ، یٰاَیُّہَا النَّبِی، یٰاَیُّہَا الْمُزَّمِّل، یٰاَیُّہَا الْمُدَّثِّر—اور کبھی عام نام سے نہیں پکارا، جو حضور ﷺ کے بے مثل مقامِ ادب کی دلیل ہے۔
شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے حدیثِ مبارکہ "اِذَا صَلَّیْتُمْ عَلَیَّ فَاَحْسِنُوا الصَّلٰوۃ“ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مؤمن کا درود براہِ راست بارگاہِ مصطفیٰﷺ میں پیش ہوتا ہے، وہاں سے اللہ کی بارگاہ تک پہنچتا ہے اور پھر رحمت و برکت کی صورت میں بندے کی طرف لوٹایا جاتا ہے۔ آپ نے شبِ جمعہ کو کثرتِ درود کی خصوصی تاکید فرمائی۔ خطاب کے اختتام پر آپ نے کہا کہ عاشقِ رسول ﷺ وہ ہے جو اپنی ہستی، خواہش اور شناخت کو مٹا کر فقط ادبِ مصطفیٰ ﷺ اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ میں فنا ہو جائے—یہی کامل تعظیم اور مقامِ بندگی ہے۔
محفل کا اختتام مربیٔ گوشۂ درود سید مشرف علی شاہ کی رقت انگیز دعا پر ہوا جس نے محفل کے روحانی ماحول کو مزید نورانی بنا دیا۔

























تبصرہ