خواہشات کا بے لگام گھوڑا عقل کو گھائل کر دیتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
تعلیم کے ساتھ تربیت ناگزیر ہے، انسانی تخلیق کا بنیادی سانچہ خیرپر قائم ہے، کالج آف شریعہ میں خطاب
شعور و فکر کی تطہیر کے لئے نوجوان مطالعہ کتب کو معمولات میں شامل کریں، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل

لاہور (4 دسمبر 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں شخصیت سازی کے موضوع پر منعقدہ فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تربیت کے بغیر کا بے لگام گھوڑا عقل کو گھائل کر دیتا ہے، شعور و فکر کی مضبوطی اور تطہیر کے لئے نوجوان مطالعہ کتب کو معمولات میں شامل کریں۔ تعلیم و تربیت کے لئے اساتذہ کا کردار اہم اور کلیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ ربّ العزت نے انسان کو بہترین ساخت اور کامل توازن کے ساتھ پیدا فرمایا ہے۔ انسانی تخلیق کا بنیادی سانچہ خیر، پاکیزگی اور نیکی کے میلان پر قائم ہے۔ انسان کی جبلت میں موجود نیکی اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب اسے صالح معاشرہ، پاکیزہ ماحول اور پُراثر تربیت کا سہارا حاصل ہو۔ اسی لیے اسلام میں حصول علم کو فرض اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم دیا گیا ہے۔ اگر ہم اپنے آپ کو ٹھیک رکھیں اور سوسائٹی کی اصلاح کو نظرانداز کر دیں تو اس سے خیر کی قوتیں کمزور ہوں گی کیونکہ انسانی عادات پیدائشی طور پر راسخ نہیں ہوتیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے فکری نشست کے اختتام پر خصوصی طور پر منعقد کئے گئے بک فیئر کا دورہ بھی کیا جہاں طلباء کے لئے رعایتی نرخوں پر مختلف موضوعات پر کتب رکھی گئی تھیں۔ طلباء نے کتب کی خریداری میں دلچسپی لی۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر میر آصف اکبر، ڈاکٹر انجینئر محمد رفیق نجم، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد غفار، خالد جاوید، ڈاکٹر علی وقار قادری، راشد حمید کلیامی، اقبال باجوہ، ڈاکٹر کاشف، افتخار شاہ بخاری اور بابر چوہدری، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ، طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


















تبصرہ