پہاڑ قدرت کا انسانیت کے لئے بیش قیمت تحفہ ہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کا بیان
اللہ رب العزت نے پہاڑوں کے نیچے موجود خزانوں کو بڑا برکت والا قرار دیا ہے

dr-hassan-qadri-mountains-Day -message-2025-1

لاہور (11 دسمبر 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ’’پہاڑوں کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہاڑ قدرت کا انسانیت کے لئے بیش قیمت تحفہ ہیں، پہاڑ انسانیت کے ساتھ ساتھ حیوانات اور جملہ مخلوقات کی بقا، حیاتیاتی تنوع، ، خوراک اور خوشحالی کا ذریعہ ہیں، اللہ رب العزت نے پہاڑوں کے اندر ’’لیس الانسان الا ما سعی‘‘ کے اصول کے تحت معدنیات کے خزانے چھپا رکھے ہیں اور ان خزانوں کو بڑا برکت والا قرار دیا گیا ہے، پہاڑ ماحولیاتی توازن کے لئے تو ناگزیر ہیں ہی اس کے علاوہ اقوام اور ملکوں کے معاشی و اقتصادی استحکام کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس سال پہاڑوں کے عالمی دن کا موضوع ’’پہاڑ پانی، خوراک اور روزگار کی فراہمی کی ضامن قوت ‘‘رکھا ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پہاڑ زمین کی حفاظت اورزندگی کی بقاء کے لئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی لگ بھگ 15 فیصد آبادی کا براہ راست انحصار پہاڑوں پرہے۔

غیر اسلامی دنیا کے نزدیک پہاڑ فقط خوراک، ماحولیاتی توازن، معاشی استحکام کا ذریعہ ہو سکتے ہیں مگر اسلامی دنیا کے لئے پہاڑوں کی حفاظت و صفائی اور ان کی دیکھ بھال ایک دینی تقاضا بھی ہے، سورۃ النباء میں اللہ رب العزت نے فرمایا ’’ کیا ہم نے زمین کو قیام اور کسب و عمل کی جگہ نہیں بنایا؟ اور (کیا) پہاڑوں کو (اس میں) ابھار کر کھڑا نہیں کیا؟‘‘ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے پہاڑوں کے وجود کو زمین کی مضبوطی کا ذریعہ بنایا ہے تاکہ انسانی زندگی اپنے روز مرہ کے امور بلا رکاوٹ انجام دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحت بھی بڑھ رہی ہے، سیاحت کے جہاں مختلف ملکوں کو مالی فوائد حاصل ہوتے ہیں وہاں بلاروک ٹوک انسانی نقل و حمل کی وجہ سے آلودگی بھی بڑھ رہی ہے جو پہاڑی زندگی کے لئے ضرررساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی، علاقائی اور انفرادی سطح پر پہاڑوں کی حفاظت کے لئے شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ پہاڑ اپنی بناوٹ کے اعتبار سے زمین کو حسین بناتے اور انسانی عقل و بصیرت کو جلا بخشتے ہیں۔ اللہ رب العزت نے پہاڑ عطا کر کے انسانیت کو اپنی اس نعمت غیر مترقبہ کا احساس بھی دلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے ہنگم آبادی، تیزی سے پھیلتی ہوئی سیاحت، جنگلات کی کٹائی، ماحولیاتی آلودگی، گلوبل وارمنگ کے باعث گلیشیئر کا غیر معمولی پگھلائو پہاڑی نظام زندگی کو نقصان پہنچا رہا ہے، قدرت کے اس انمول خزانے کی حفاظت درحقیقت زندگی کی حفاظت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top