دنیا امن و استحکام کے لئے انسانی حقوق کا احترام کرے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری
میثاق مدینہ کے آرٹیکلز کا غالب حصہ انسانی حقوق کے احترام سے متعلق ہیں

لاہور (10 دسمبر 2025) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’ انسانی حقوق کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا امن و استحکام کےلئے انسانی حقوق کا احترام کرے۔ دین اسلام انسانی جان کی حرمت اور تقدس کو وہ بلند مقام دیتا ہے جس کی مثال کسی اور تہذیب یا مذہب میں نہیں ملتی ۔اسلام نےایک بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے برابر قرار دیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ انسانی حقوق کا تصور جدید دور کی پیداوار نہیں بلکہ قرآن و سنت میں اس کی بنیادیں صدیوں پہلے رکھ دی گئی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ دین اسلام کی تعلیمات واضح کرتی ہیں کہ انسانی حقوق کا احترام، جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہاکہ میثاق مدینہ کے آرٹیکلز کا غالب حصہ انسان اور انسانی حقوق کے تحفظ اور وقار کے بارے میں ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ دنیا بھر میں جنگوں، انتہاپسندی، ظلم، ناانصافی اور ریاستی جبر نے کروڑوں انسانوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔
انسانی حقوق کا دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانیت کا احترام محض نعرہ نہیں بلکہ عالمی، اجتماعی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق محض ایک بین الاقوامی اصول نہیں، بلکہ یہ انسانیت کی وہ مشترکہ زبان ہے جو دنیا کو امن، انصاف اور مساوات کی طرف لے جاتی ہے، پیغمبر اسلام نے ایک انسان کی حرمت اور وقار کو اللہ کے مقدس گھر کعبۃ اللہ کی حرمت سے زیادہ محترم قرار دے کر انسانی حقوق کی ضرورت و اہمیت اور ناگزیریت کو روایتی بحث و تمحیص سے بالا تر بنا دیا۔


















تبصرہ