سیدہ فاطمۃ الزہراء کا مقام پوری کائنات میں بے مثال ہے: علامہ رانا محمد ادریس
سیدہ کائنات ﷺ کی پاکیزہ زندگی استقامت، ایثار اور خشیتِ الٰہی کا درس دیتی ہے: نائب ناظم اعلیٰ
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (12دسمبر2025) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریکِ منہاج القرآن علامہ محمد ادریس رانا نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدۂ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کا مقام پوری کائنات میں بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ طہارت، عصمت، حیاء، زہد، عبادت، حلم اور ایثار کا کامل نمونہ ہے۔ آپؓ اہلِ بیت اطہار کی برکتوں کی تکمیل اور نسبتِ مصطفیٰ ﷺ کی عظیم ترین آئینہ دار ہیں۔
فرشتے آپؓ کے زہد و تقویٰ پر ناز کرتے ہیں اور آپؓ کی پاکیزہ زندگی امت کو ایمان، استقامت، ایثار اور خشیتِ الٰہی کا عملی درس دیتی ہے۔ علامہ ادریس رانا نے کہا کہ سیدہ کائنات سراپا تقویٰ، حیا، نیکی اور اخلاص کی اعلیٰ مثال ہیں۔ آپ کی شخصیت نہ صرف اہل ایمان کےلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے بلکہ رسول اکرم ﷺ کی بے پناہ محبت کی بھی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ کی رفعتِ شان محض الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتی؛ آپؓ کی مقدس ہستی ایمان، اخلاق اور روحانیت کی راہوں کو روشن کرنے والا دائمی نور ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزِ محشر اللہ ربّ العزت سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ کو وہ عظیم اعزاز عطا فرمائے گا جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوا۔
علامہ ادریس رانا نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن ایک ندا بلند ہوگی:“اے اہلِ محشر! اپنی نگاہیں نیچی کر لو، فاطمۃ الزہراء بنتِ محمد ﷺ تشریف لا رہی ہیں۔ ”انہوں نے کہا کہ یہ اعلان سیدۃ النساء العالمینؓ کے غیر معمولی مقام کی علامت ہے۔


















تبصرہ