قائداعظمؒ کبھی قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنے: خرم نواز گنڈاپور

بانی پاکستان کا عزم تھا کہ پاکستان انصاف کی بنیاد پر کھڑا ہو گا، سیمینار سے خطاب
قائداعظمؒ کے پاکستان میں سچ سننا اور بولنا مشکل ہو گیا، رانا وحید شہزاد صدر منہاج یوتھ لیگ

quaid-e-azam national treasury statement khurram nawaz gandapur

لاہور(25 دسمبر 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ ”فکر قائد سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی حق گوئی اور دیانتداری کے مخالفین بھی معترف تھے، آپ ؒنے تحریک پاکستان کی جدوجہد کے دوران پورے برصغیر کا سفر کیا مگر کبھی آل انڈیا مسلم لیگ کے فنڈ سے ٹی اے ڈی اے لیا اور نہ اپنی گاڑی کے لئے پٹرول، انہوں نے اپنی حق حلال کی کمائی خرچ کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جنگ لڑی، وہ ایک امیر کبیر شخصیت تھے۔

انہوں نے ممبئی میں اپنے لئے ایک عالیشان گھر بنوایا جس کا پتھر اور کاریگر اٹلی سے بلوائے، قائداعظم اپنا پیسہ خرچ کر کے عوام کی خدمت کرتے تھے، آج کا سیاستدان قومی اخراجات سے عوام پر ظلم کرتا ہے، پاکستان کے موجودہ حالات بدعنوان سیاستدانوں کی بدعنوانیوں کا نتیجہ ہیں، بانی پاکستان نے ایک عزم کیا تھا پاکستان انصاف کی بنیاد پر چلے گا مگر بعد میں آنے والے سیاستدانوں نے ظلم کو پروان چڑھایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والی پہلی اور دوسری نسل تو ناکام ہو گئی، اب نئی نسل سے امید ہے کہ وہ پاکستان کو قائداعظم کا حقیقی پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے صدر رانا وحید شہزاد نے کہا کہ قائداعظمؒ کے پاکستان میں سچ بولنا بہت مشکل ہو گیا، ایک گھٹن کی فضا ہے، بداعتمادی، بے یقینی اور خوف ہے، ہنستے بستے پاکستان کو بری نظر لگ گئی مگر 25 کروڑ عوام اس ملک کے محافظ ہیں، ان شاء اللہ دن ضرور بدلیں گے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اسی ملک کے اندر باعزت روزگار بھی ملے گا اور عزت نفس بھی، تقریب میں انجینئر محمد رفیق نجم، جواد حامد، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علیؒ کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور ملک سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top