عوامی تاجر اتحاد کے زیراہتمام قائد اعظمؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر تقریب کا انعقاد
تاجر برادری قائدِ اعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل کرے تومعاشی استحکام ممکن ہے: حاجی محمد اسحاق
قائدِ اعظمؒ نے ہمیشہ کمزور طبقے کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا: محمد راشد چوہدری
قائدِ اعظمؒ کی زندگی قربانی، استقلال اور نظم و ضبط کا سبق دیتی ہے: شہزاد خان

لاہور (25 دسمبر 2025) عوامی تاجر اتحاد کے زیرِ اہتمام بانیٔ پاکستان ’’قائد اعظم محمد علی جناحؒ‘‘ کے یومِ ولادت کے موقع پر ایک پروقاردعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے قائد اعظمؒ کی قومی، سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے سنہرے اصولوں کو اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں عوامی تاجر اتحاد کے عہدیداران، تاجر برادری کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر قائد اعظمؒ کی دیانت داری، اصول پسندی اور قانون کی بالادستی پر روشنی ڈالی گئی۔
چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی میاں محمد اسحاق نے کہا کہ قائد اعظمؒ کا پیغام آج بھی ہماری قومی و معاشی ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ قائدِ اعظمؒ نے قانون کی بالادستی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور یہی اصول ایک مضبوط ریاست کی بنیاد ہے۔ اگر تاجر برادری قائدِ اعظمؒ کے سنہری اصولوں کو اپنائے تو ملک میں معاشی استحکام ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے ایمانداری، نظم و ضبط اور حب الوطنی ناگزیر ہیں، جس کا درس قائدِ اعظمؒ نے دیا تھا۔ قائدِ اعظمؒ نے مسلمانوں کو ایک قوم کی حیثیت سے متحد کیا اور انہیں آزادی کا شعور دیا۔ سیکرٹری جنرل عوامی تاجر اتحادمحمد راشد چوہدری نے کہا کہ قائدِ اعظمؒ نے ہمیشہ کمزور طبقے کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ آج کا تاجر اگر دیانت داری اور شفافیت کو اپنائے تو ملکی معیشت مضبوط ہو سکتی ہے۔
عوامی تاجر اتحاد قائدِ اعظمؒ کے نظریات کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ سینئر نائب صدر شہزاد خان نے کہاکہ قائدِ اعظمؒ کی زندگی ہمیں قربانی، استقلال اور نظم و ضبط کا سبق دیتی ہے۔ آج کے حالات میں قائدِ اعظمؒ کے افکار پر عمل کرنا پہلے سے زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تاجروں کو قائدِ اعظمؒ کی سادگی اور اصول پسندی سے رہنمائی لینی چاہیے۔ تقریب میں جواد حامد، ثاقب بھٹی، عین الحق بغدادی، شہزاد رسول، علامہ خلیل حنفی، سعید اختر، عبد الحفیظ چوہدری و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر قائد اعظمؒ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری قائد اعظمؒ کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے دیانت دارانہ کاروبار، قومی یکجہتی اور ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔


















تبصرہ