زندگی مہلت، موت اللہ کی مقرر کردہ تقدیر ہے: علامہ محمد ادریس

نطفہ سے لے کر مکمل وجود تک ہر مرحلہ اللہ کی قدرت کی نشانی ہے
والدین سے حسن سلوک اور صلہ رحمی عمر میں برکت کا سبب ہیں:نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب، وطن عزیز کی سلامتی کےلئے دعائیں

Rana Idrees Qadri Addressing Khutba Jummah in Jamia Shaykh-ul-islam

لاہور (26 دسمبر2025) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ محمد ادریس رانا نے جامع شیخ الاسلام، ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی مہلت، موت اللہ کی مقرر کردہ تقدیر ہے۔ آخرت کے مراحل میں سب سے پہلا مرحلہ موت ہے، جیسا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے ’’الموت باب الآخرۃ‘‘۔ موت اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ تقدیر کے مطابق آتی ہے اور اس میں کسی قسم کی تاخیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موت کے بعد دنیا کی تمام ملکیتیں انسان کے ہاتھ سے نکل جاتی ہیں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے زندگی میں مہلت عطا فرمائی ہے تاکہ انسان اس کا درست اور بامقصد استعمال کرے۔ علامہ محمد ادریس رانا نے قرآن مجید کی آیت کی روشنی میں انسانی تخلیق کے مراحل بیان کرتے ہوئے کہا کہ نطفہ سے لے کر مکمل وجود تک ہر مرحلہ اللہ کی قدرت کی نشانی ہے، اور اسی دوران فرشتے کو رزق، عمر، اعمال اور انجام لکھنے کا حکم دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تقدیر کے بعض امور، جن میں موت بھی شامل ہے، پردۂ غیب میں رکھے ہیں تاکہ نظامِ کائنات قائم رہے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں انہوں نے واضح کیا کہ دعا، نیک اعمال اور حسنِ اخلاق کے ذریعے تقدیر میں تبدیلی ممکن ہے، اور صلہ رحمی، والدین کے ساتھ حسن سلوک اور صدقہ عمر میں برکت کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے سامعین کو تلقین کی کہ اللہ کی دی ہوئی مہلت کو ضائع نہ کریں اور دعا، نیک اعمال اور حسنِ اخلاق کے ذریعے اپنی دنیا اور آخرت کو سنواریں۔ خطاب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی کےلئے دعا کی گئی۔

دریں اثنا صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں نمازِ جمعہ ادا کی اور ملک و بیرون ملک سے آئے وفود، تحریک منہاج القرآن کے قائدین اور کارکنان سے ملاقات کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top