طویل المدتی معاشی پالیسیوں کے بغیر استحکام ممکن نہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

ٹیکنو کریٹس اور ماہرین معاشیات پر مشتمل خود مختار کونسل وقت کی اہم ضرورت ہے
معیشت کے تحفظ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
سیاست سے بالاتر ہو کر معیشت کی ترقی پر توجہ دی جائے: تاجر رہنمائوں سے گفتگو

طویل المدتی معاشی پالیسیوں کے بغیر استحکام ممکن نہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

لاہور (30 دسمبر 2025) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل، ماہر معاشیات پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران’’ پاکستان کے معاشی بحران کا حل‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سنگین معاشی حالات سے نکلنے کےلئے محض عارضی اقدامات کافی نہیں بلکہ ایک جامع، غیر سیاسی اور قومی سطح پر معاشی حکمت عملی کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی اکانومی کو تحفظ دینے اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کےلئے فی الفور ایک خودمختار قومی معاشی کونسل قائم کی جائے۔ اس کونسل میں تمام سٹیک ہولڈز، ٹیکنوکریٹس، ممتاز ماہرین معاشیات، صنعت و تجارت، زراعت، بینکاری، تعلیم، آئی ٹی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت اور دیانتدار افراد کو شامل کیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنی گفتگو میں کہاکہ اس مجوزہ کونسل کا سیاست یا سیاسی مفادات سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس کا واحد مقصد ملکی معیشت کی بہتری، استحکام اور ترقی ہوناچاہئے۔

انہوں نے کہاکہ بار بار حکومتوں کی تبدیلی اور سیاسی کشمکش نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اس لئے ایک ایسی مستقل اور با اختیار کونسل وقت کی اہم ضرورت ہے جو طویل المدتی معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی معاشی کونسل کو ٹیکس اصلاحات، برآمدات میں اضافے، درآمدات کے متبادل، مقامی وسائل، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مہنگائی کے کنٹرول اور سرمایہ کاری کے فروغ جیسے بنیادی امور پر عملی اور قابل عمل سفارشات مرتب کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان کو معاشی خودمختاری کی طرف گامزن کرنا ہے تو ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں اجتماعی اور سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ قومی معاشی کونسل کا قیام اسی سمت ایک اہم اور ناگزیر قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، شہزاد خان، محمد راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، جنید وارثی، شبیر احمد و دیگر تاجر رہنما موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top