شکر گزاری ایمان اور اخلاق کی روح ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

اللہ کو وہ بندے پسند ہیں جو نعمت ملنے پر شکر آزمائش پر صبر کرتے ہیں
اللہ کی نعمتوں کا شکر اد ا کرتے رہو اسی سے معاشرہ میں مثبت قدریں فروغ پاتی ہیں
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کی گفتگو

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (یکم جنوری2026) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو وہ بندہ بے حد محبوب ہے جو ہر حال میں اس کا شکر ادا کرتا اور اس کی حمد بیان کرتا ہے۔ شکر گزاری ایمان کی روح اور بندگی کی پہچان ہے جبکہ حمد الہیٰ دلوں کو سکون اور زندگیوں کو توازن عطا کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے تنظیمی عہدیداروںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قرآن حکیم میں متعدد مقامات پر شکر کی ترغیب دی گئی ہے اور ناشکری کو زوال و محرومی کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ شکر صرف زبان سے ادا کرنے کا نام نہیں بلکہ نعمتوں کے صحیح استعمال، اطاعتِ الٰہی اور مخلوقِ خدا کی خدمت سے اس کا عملی اظہار ہوتا ہے۔ جو بندہ نعمت ملنے پر شکر اور آزمائش آنے پر صبر اختیار کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے درجات بلند فرما دیتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے واضح کیا کہ حمدِ الٰہی انسان کو غرور، مایوسی اور بے چینی سے محفوظ رکھتی ہے۔ جب بندہ اللہ کی تعریف بیان کرتا ہے تو اس کا دل اللہ کی طرف متوجہ رہتا ہے اور زندگی کے مسائل آسان ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکر گزاری فرد کے باطن کو سنوارتی، معاشرے میں مثبت طرزِ فکر کو فروغ دیتی اور اجتماعی سطح پر اخلاقی استحکام کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مؤثر حل یہی ہے کہ ہم شکر اور حمد کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ نعمتِ ایمان، صحت، امن، علم اور رزق پر شکر ادا کرنا دراصل ان نعمتوں کے دوام کی ضمانت ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ شکر و حمد کا کامل نمونہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اللہ کی رضا حاصل کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شکر گزار اور حمد کرنے والا بندہ بننے کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے دلوں کو نورِ ایمان سے منور کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top