مرکزی نظامتِ دعوت و تربیت کا مشاورتی اجلاس، رمضان المبارک میں 72 مقامات پر دروسِ عرفانُ القرآن کے انعقاد کا اعلان

علامہ رانا محمد ادریس قادری، نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی زیرِ صدارت مرکزی نظامتِ دعوت و تربیت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دعوتی و تربیتی سرگرمیوں، دینی تعلیمات کی مؤثر ترسیل، فکری و روحانی بیداری اور معاشرتی اصلاح کے لیے جاری اور آئندہ پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ مرکزی نظامتِ دعوت و تربیت کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیمات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق عام فہم انداز میں عوام الناس تک پہنچانا اور انہیں عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کے 72 مقامات پر پانچ روزہ دروسِ عرفانُ القرآن کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دروس عوامی سطح پر قرآنی شعور کے فروغ، اخلاقی و سماجی اصلاح اور فکری تربیت کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوں گے۔ اس ضمن میں نظامتِ دعوت سے وابستہ اسکالرز قرآن و حدیث کی روشنی میں جامع، بامقصد اور مؤثر موضوعات کی تیاری میں مصروف ہیں، جو فہمِ قرآن، عملِ قرآن اور کردار سازی کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔
علامہ رانا محمد ادریس قادری نے مزید کہا کہ یہ دروس نہ صرف انفرادی اصلاح بلکہ اجتماعی سطح پر ایک صالح، متوازن اور باکردار معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ مشاورتی اجلاس میں صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ فیاض بشیر قادری، علامہ احسان رضوی، علامہ جمیل احمد زاہد، صابر کمال وٹو، منہاج الدین قادری سمیت دیگر ذمہ داران اور اسکالرز نے شرکت کی۔






















تبصرہ