صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
شبِ معراج محض ایک سفر نہیں بلکہ ایمان کو جِلا بخشنے والا وہ عظیم راز ہے جو انسانی عقل، قیاس اور گمان سے بالاتر ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ معراج تاریخِ انسانی کا وہ بے مثال روحانی معجزہ ہے جس کی نظیر تاریخِ انسانی میں نہیں ملتی۔ شبِ معراج محض ایک سفر نہیں بلکہ ایمان کو جِلا بخشنے والا وہ عظیم راز ہے جو انسانی عقل، قیاس اور گمان سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہور علمائے اہلِ سنت کا متفقہ عقیدہ ہے کہ رسولِ اکرم ﷺ کو معراج حالتِ بیداری میں جسم و روح کے ساتھ نصیب ہوئی اور اللہ رب العزت کا بے حجاب دیدار عطا ہوا۔ اس عقیدے پر صدیوں سے امت کے اکابر علماء کا اجماع چلا آ رہا ہے اور اس میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معراج کے سفر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم واقعہ ماہِ رجب المرجب میں پیش آیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تشریف لے گئے، جہاں تمام انبیائے کرامؑ سے ملاقات ہوئی اور حضرت ابراہیمؑ اس روحانی اجتماع کے صدر تھے۔ اس کے بعد آپ ﷺ کو ساتوں آسمانوں، بیت المعمور اور جنت و دوزخ کا مشاہدہ کرایا گیا، جبکہ ایک لامکاں پر حضور ﷺ نے تنہا سفر طے فرمایا، جہاں راز و نیاز کی وہ کیفیات ہوئیں جن کا ادراک انسانی عقل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اسی موقع پر اللہ تعالیٰ کی جانب سے امتِ مسلمہ کو عظیم تحفہ نماز کی صورت میں عطا ہوا۔ ابتدا میں پچاس نمازیں فرض ہوئیں، جو بعد ازاں پانچ کر دی گئیں مگر اجر پچاس کے برابر رکھا گیا۔ واپسی پر جب حضور ﷺ نے اس واقعے کا تذکرہ فرمایا تو منکرینِ حق میں ہلچل مچ گئی، تاہم حضرت ابوبکر صدیقؓ ثابت قدم رہے، جس کے نتیجے میں آپؓ کو صدیق کا خطاب ملا۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ واقعۂ معراج کا مرکزی نکتہ دیدارِ الٰہی ہے۔ حضرت موسیٰؑ کو کلام کی سعادت ملی جبکہ محبوبِ خدا ﷺ کو ملاقات اور دیدار کا شرف عطا ہوا، جس پر قرآنِ کریم کی آیت ﴿مَا كَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَأَىٰ﴾ گواہ ہے۔
انہوں نے معجزاتِ انبیاء کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر نبی کو اس کے دور کے علم و شعور کے مطابق معجزات عطا کیے گئے، مگر چونکہ حضور ﷺ آخری نبی ہیں اور آپ ﷺ کی نبوت قیامت تک باقی رہے گی، اس لیے اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو قرآنِ مجید اور معراج جیسا معجزات عطاء فرمائے جنہیں کوئی سائنس، کوئی ترقی اور کوئی عقل چیلنج نہیں کر سکتی۔
خطاب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ معراج کا سب سے بڑا عملی پیغام نماز ہے۔ نماز کوئی رسمی فریضہ نہیں بلکہ اللہ سے ملاقات کی وہ کھڑکی ہے جو دن میں پانچ مرتبہ کھلتی ہے۔ بدقسمتی سے آج ہم دولت، شہرت اور طاقت کو معراج سمجھ بیٹھے ہیں، حالانکہ ایک مؤمن کی حقیقی معراج نماز ہے، جہاں بندہ تنہا اپنے رب کے حضور کھڑا ہوتا ہے اور یہی قربِ الٰہی کا سب سے اعلیٰ مقام ہے۔
ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد عاصم مخدوم، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی محمد انتخاب نوری، انجینئر محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، علامہ رانا محمد ادریس قادری، نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر میر آصف اکبر، راجہ زاہد محمود قادری، پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، جواد حامد، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ اشفاق چشتی، اقبال باجوہ، ناظم علی رحمت، کیپٹن عبد المجید، حاجی محمد اسحٰق حاجی محمد اسلم، صوفی مقصود قادری، سید مشرف شاہ، شیخ فرحان عزیز، محترمہ فضہ حسین قادری، ماورہ حسین قادری، درۃ الزاہراء، لبنیٰ مشتاق، سحر عنبرین، صائمہ نور، اقراء مُبین، جویریہ افضل سمیت تحریک منہاج القرآن لاہور کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔































تبصرہ