لاہور: ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کا معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن، ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس اور ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے علمائے کرام، مشائخِ عظام، عزت مآب دخترانِ اسلام اور تمام شرکائے محفل کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی اس علمی و روحانی نشست میں مہتمم جامعہ کبریٰ ثمن آباد، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد عاصم مخدوم، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی انتخاب نوری اور قاری خالد محمود جلوہ افروز ہیں۔ انہوں نے معزز مہمانانِ گرامی کو خصوصی طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن آپ کا اپنا گھر ہے اور ہم آپ کی گفتگو اور علم سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج کی مبارک شب ہمیں معجزۂ معراج کے فیوض و برکات سے مستفید ہونا ہے، آنے والے سال کے لیے بہتری کی دعا کرنی ہے اور گزرے ہوئے برسوں کا محاسبہ کرتے ہوئے بارگاہِ رب العزت میں عاجزی کے ساتھ دعاگو ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی رات ربِ کائنات کے عظیم اور مقدس مشاہدات ظہور پذیر ہوئے۔
انہوں نے واقعۂ معراج کے دو حصوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلا سفر اسراء ہے، جو مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک مکمل ہوا، اور دوسرا سفر معراج ہے، جس میں محبوب ﷺ کو دیدار و ملاقاتِ الٰہی کا شرف حاصل ہوا۔ یہ ایسا منفرد اور عظیم سفر ہے جس کی نہ پہلے کوئی مثال ہے اور نہ آئندہ کبھی ہو سکے گی۔ یہ واقعہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ عزت و افتخار ہے۔
ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے علامہ اقبالؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقبال نے معراج کے سفر کو انسانی عظمت اور انسانی شرف کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دہائیاں قبل تک یہ سفر انسانی عقل کے لیے ناممکن نظر آتا تھا، کیونکہ سائنس اس کے تصور سے عاجز تھی، لیکن آج سائنسی ترقی، ارتقائی مراحل اور تیز ترین ایجادات اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت تمام جہانوں پر حاوی ہے اور انسانی شعور سے کہیں آگے ہے۔

























تبصرہ