علامہ محمد عاصم مخدوم کا مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں منعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد عاصم مخدوم نے مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن، ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس اور ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ ہمیشہ امت کو محبتیں سمیٹنے اور اتحاد و یگانگت کی طرف بلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ معراج پر خود تشریف نہیں لے گئے بلکہ اللہ رب العزت نے آپ ﷺ کو دیدار اور ملاقات کے لیے خصوصی طور پر بلایا۔ اللہ تعالیٰ کو “سبحان اللہ وبحمدہ، سبحان اللہ العظیم” کے کلمات بے حد پسند ہیں، اسی لیے واقعۂ معراج کی آیت کا آغاز بھی “سبحان الذی” سے فرمایا گیا۔
علامہ محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تشریف لے گئے، جہاں تمام انبیائے کرام علیہم السلام آپ ﷺ کے استقبال کے لیے موجود تھے اور آپ ﷺ نے ان کی امامت فرمائی۔ اس کے بعد جب آپ ﷺ آسمانوں کی طرف تشریف لے گئے تو ہر آسمان پر انبیائے کرام نے آپ ﷺ کو خصوصی پروٹوکول دیا اور پوچھا جاتا رہا کہ کون تشریف لا رہا ہے اور کیا یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دعوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حتیٰ کہ فرشتوں نے بھی حضور ﷺ کا استقبال ’اھلاً و سھلاً مرحباً‘ کے الفاظ سے کیا۔ دیدارِ الٰہی سے واپسی پر نبی کریم ﷺ کو نماز کا عظیم تحفہ عطا ہوا، جو مومن کے لیے معراج ہے۔
علامہ محمد عاصم مخدوم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تفرقہ اور تقسیم کی راہوں پر نہیں جانا چاہیے، بلکہ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں سلام عرض کرنا ہی ہماری اصل خوش نصیبی ہے۔





















تبصرہ