اُمت مسلمہ کی پہچان علم و تحقیق ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

آپؐ نے فرمایا روز قیامت شہید کے خون سے عالم کے قلم کی سیاہی زیادہ وزنی ہو گی
تحریک منہاج القرآن فروغ علم اور اس کی ترویج کو ایمان اور عبادت سمجھتی ہے
اگر اُمت عہد رفتہ کی شان و شوکت اور وقار کا احیاء چاہتی ہے تو علم و تحقیق پر وسائل خرچ کرے
تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے راہنماؤں سے گفتگو

اُمت مسلمہ کی پہچان علم و تحقیق ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور(23 جنوری 2026)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری نے تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ کی پہچان علم و تحقیق ہے، جس اُمت کو علم کے خزانوں سے نوازا گیا افسوس اُس کی آدھی سے زائد آبادی ناخواندہ ہے، علم کے نور کو پھیلانا محض ثواب کا کام نہیں بلکہ علم کا حاصل کرنا اور اِس کی ترویج و اشاعت کرنا اللہ اور اُس کے رسولؐ کا حکم ہے اور حصول علم میں مرد و خواتین میں کوئی تفریق نہیں رکھی گئی۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ کا فرمان ہے کہ روزِ قیامت علماء کے قلم کی سیاہی اور شہداء کے خون کو تولا جائے گا تو علماء کے قلم کی سیاہی شہداء کے خون سے زیادہ وزنی ہو جائے گی۔ حضور نبی اکرمؐ معلم انسانیت ہیں اور آپؐ نے علم حاصل کرنے اور علم کو پھیلانے پر بہت زیادہ زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر اُمت عہد رفتہ کی شان و شوکت اور وقار کا احیاء چاہتی ہے تو علم و تحقیق پر وسائل خرچ کرے، فروغ علم پر کی جانے والی سرمایہ کاری کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، مغربی معاشروں کے برعکس مسلم معاشروں میں تعلیم وہ ترجیح نظر نہیں آتی جس کی آج ضرورت ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی تعلیم و تربیت کے ضمن میں خدمات کو قابل تقلید دینی و قومی خدمت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ الحمداللہ لاکھوں طلباء منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ فروغ علم کے لئے جدوجہد اور اس کی ترویج و اشاعت کو ہم اپنے ایمان اور عبادات کا حصہ سمجھتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top