اخلاقی قدروں کی بحالی سے معیشت اور امن بحال ہوگا: مظہر محمود علوی
سماجی ڈھانچے کے بکھرنے اور اداروں کے غیر فعال ہونے سے قومی اتحاد کو نقصان پہنچا
تحریک منہاج القرآن اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے رہی ہے: جیکب آباد پریس کلب میں گفتگو

جیکب آباد: مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن سندھ مظہر محمود علوی نے جیکب آباد پریس کلب میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی قدروں کی بحالی سے معیشت اور امن بحال ہو گا۔ اصل تباہی سماجی ڈھانچے کا بکھرنا اور اخلاقی قدروں کا زوال ہے۔ تقسیم، انتشار، عدم برداشت اور اداروں کے غیر فعال ہونے سے سیاسی، سماجی ڈھانچے اور داخلی اتحاد و یکجہتی کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور تحریک منہاج القرآن کی دعوتی مساعی اخلاق و کردار کی تعمیر اور اتحاد امت کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ شیخ الاسلام کا ویثرن ہے کہ نوجوان نسل بشمول خواتین کو تعلیم و تربیت دے کر سوسائٹی کی تعمیر نو کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت عمارتوں اور صنعتوں کی تعمیر کا نام ہے جبکہ سماج، اخلاق و کردار اور تعلیم و شعور سے تشکیل پاتا ہے۔ عمارتوں کی تباہی قوموں کی تباہی نہیں ہوتی۔ قومیں اس وقت تباہ ہوتی ہیں جب ان میں اخلاقیات اور حلال حرام کی تمیز نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون ہو، آئین ہو، ضابطہ حیات ہو اس کی روح اور بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے مگر افسوس آج ہمارے اخلاقی رویے وہ نہیں رہے جن کی تعلیم ہمیں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ سے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں بطور قوم باوقار ہو جائیں اور کشکول ٹوٹ جائیں تو ہمیں اپنے رویوں میں اعتدال اور برداشت کو لانا ہوگا اور سوسائٹی کے اندر بین المذاہب رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا۔


















تبصرہ