سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کا اہم اجلاس، ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور کی صدارت
سوشل میڈیا نیٹ ورک کو مزید فعال بنانے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اہداف پر تبادلہ خیال

ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور کی زیرِصدارت سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے زیرِاہتمام مرکزی سیکریٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خرم نواز گنڈا پور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا دعوتِ دین، فکری رہنمائی اور تنظیمی پیغام کو عوام تک پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مثبت، مدلل اور معیاری مواد ہی بہتر نتائج اور مؤثر عوامی رسائی کا ضامن ہوتا ہے، تحریکِ منہاج القرآن کے پیغام کو نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی، تسلسل کے ساتھ محنت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ جدوجہد ناگزیر ہے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا نیٹ ورک کو مزید فعال، مربوط اور مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اپنی سطح پر ذمہ داری، خلوص اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تاکہ تنظیمی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ عوامی پذیرائی حاصل ہو سکے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا محض معلومات کی ترسیل کا ذریعہ نہیں بلکہ فکری رہنمائی، دعوتی اثر اور تنظیمی استحکام کا اہم ستون ہے، اس لیے تمام ٹیمیں اپنے فرائض کو احساسِ ذمہ داری اور اجتماعی مقصد کے تحت انجام دیں تاکہ تحریکِ منہاج القرآن کا مثبت اور اصلاحی پیغام معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکے۔
اجلاس میں نائب ناظمِ اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس قادری، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، کرنل (ر) خالد جاوید، عبدالستار منہاجین، ہیڈ سوشل میڈیا ورکنگ کونسل میاں عبدالقادر، رضا طاہر، مرکزی عہدیداران، فورمز کے نمائندگان، زونل سربراہان، تعلیمی ادارہ جات کے نمائندگان و کوآرڈینیٹرز اور دیگر شہروں سے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ نے بذریعہ زوم ایپ شرکت کی۔


































تبصرہ