منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام "شہادتِ سیدنا فاروقِ اعظمؓ کانفرنس"

مورخہ: 18 جون 2026ء

سیدنا عمر فاروقؓ کا دورِ خلافت عدل و انصاف کا روشن مینار ہے: ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری
حضرت عمر فاروق ؓ کا نظام حکمرانی آج بھی دنیا کےلئے قابل تقلید ہے: مفتی غلام اصغر صدیقی
صحابہ کرام ؓ و اہل بیت اطہار ؑسے محبت ایمان کا حصہ ہے: مقررین

Minhaj Ul Quran Ulama Council Hosts Shahadat E Farooq  E Azam Conference 2026

لاہور (18جون2026) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام (جامعہ الحسین منہاج القرآن) لاہور میں ’’شہادتِ سیدنا فاروقِ اعظمؓ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علماکونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری سمیت جید علماء کرام، مشائخ عظام اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا امتیاز یہ ہے کہ وہ محبتِ اہلِ بیت اطہارؑ اور احترامِ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ایمان کا لازمی جزو سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی پاکیزہ زندگی عدل، دیانت، جرات، احتساب اور خدمتِ خلق کا ایسا روشن باب ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاروقِ اعظمؓ کا دورِ خلافت عدل،انصاف،دیانت اور فلاح انسانی کا روشن نمونہ ہے۔

مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ خلیفہ دوم امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق ؓ کی زندگی، حق و صداقت، عدل وانصاف اور جرات ایمانی کا عظیم نمونہ ہے۔ آپ نے اسلامی ریاست کو ایسے مضبوط اصول عطا کئے جن کی روشنی میں آج بھی حکمرانی،احتساب اور فلاح عامہ کے بہترین تقاضے سمجھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحابہ کرام ؓ اور اہل بیت اطہار ؑ امت مسلمہ کےلئے ہدایت کے روشن مینار ہیں ان سے محبت اور عقیدت ایمان کا حصہ ہے۔

مفتی پیر شبیر انجم قادری نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دینی، علمی اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اہلِ سنت کے حقیقی منہج اور اعتدال پسند فکر کی نمائندہ تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں خلفائے راشدین، صحابۂ کرامؓ اور اہلِ بیت اطہارؑ کے ایام کو بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے اور ان کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے مسلسل علمی و فکری کاوشیں جاری ہیں۔

مفتی محمد اکرم سعیدی نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو دوبارہ اسی نظامِ عدل، شفاف احتساب اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جو سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دورِ خلافت میں قائم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشرہ فاروقی کردار اور اصولِ حکمرانی کو اپنالے تو بدعنوانی، ناانصافی اور معاشرتی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہے اور امن و خوشحالی کو فروغ مل سکتا ہے۔

علامہ محمد اعجاز احمد نعیمی نے کہا کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت و تعظیم اہلِ سنت کا بنیادی عقیدہ اور امتیازی شعار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو نفرت، تقسیم اور فرقہ واریت سے بچانے کے لیے محبت، اخوت، رواداری اور اتحاد کے اس پیغام کو عام کرنا ہوگا جو صحابۂ کرامؓ اور اہلِ بیت اطہارؑ نے اپنے کردار اور تعلیمات کے ذریعے امت کو عطا کیا۔

کانفرنس سے علامہ محمد خلیل احمد حنفی، مفتی محمد اقبال نورانی، علامہ محمد اقبال طاہری، علامہ محمد ظہیر احمد نعیمی، علامہ محمد فضل عباس چشتی، علامہ محمد ابوبکر قادری، علامہ محمد شعیب صدیقی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا اور سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی دینی، انتظامی اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ محمد اشفاق علی چشتی نے ملکی سلامتی، استحکامِ پاکستان، اتحادِ امت مسلمہ، فروغِ امن، عالم اسلام کی سربلندی اور سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top