محافل ذکر اہل بیت امت کی فکری و روحانی تربیت کا ذریعہ ہیں: علامہ رانا محمد ادریس قادری
ایمان کی حفاظت اور استحکام محبت اہل بیت کے ذریعے ممکن ہے: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (19جون 2026) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید نے انسان کی کامل رہنمائی کے لیے ذکر اور فکر دونوں کو لازم قرار دیا ہے۔ صاحبانِ عقل ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے ہیں اور کائنات کی تخلیق، زمین و آسمان کے نظام اور قدرت کی نشانیوں میں غور و فکر کے ذریعے معرفتِ الٰہی حاصل کرتے ہیں۔ یہی طرزِ فکر انسان کو ہدایتِ کاملہ اور قربِ الٰہی کی منزل تک پہنچاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کا ذکر، عظیم کردار، لازوال قربانیوں اور آفاقی تعلیمات پر غور و فکر کرنا چاہیے۔ اگر ہم صرف ذکر پر اکتفا کریں اور ان کے پیغام اور پاکیزہ کردار سے عملی رہنمائی حاصل نہ کریں تو ہم اس عظیم ہدایت سے محروم رہ جائیں گے جو میدانِ کربلا سے پوری امتِ مسلمہ کو عطا ہوئی ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت کوئی اختیاری یا ثانوی عمل نہیں بلکہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ایک عظیم دینی فریضہ اور ایمان کا لازمی تقاضا ہے۔ جس دل میں اہلِ بیت اطہار ؑ کی محبت موجود ہو وہ ایمان کے نور سے منور رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دینِ اسلام کو امت تک پہنچانے کے لیے بے شمار مصائب، آزمائشوں اور قربانیوں کا سامنا کیا۔ آج امت کو جو ایمان، قرآن اور سنت کی عظیم نعمتیں حاصل ہیں، وہ تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظیم جدوجہد، تبلیغِ رسالت اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہیں۔ لہٰذا امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے محبت، عقیدت اور وابستگی کو اپنے ایمان کا حصہ بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایمان کی حقیقت، اہلِ بیتِ اطہار کی عظمت اور ان کے مقام و مرتبہ کو سمجھنا چاہتے ہو تو ان کے ذکر کی محافل میں شرکت کرو، ان کی پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کرو اور ان کے پیغامِ حق، صبر، استقامت، وفا اور قربانی کو اپنی عملی زندگیوں میں نافذ کرو۔ یہی محبتِ اہلِ بیت انسان کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا اور قرب کے راستے پر گامزن کرتی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ امت کو ذکر اور فکر دونوں کا جامع پیغام دیا ہے۔ اسی فکر کے تحت تحریک منہاج القرآن کے تربیتی اور فکری مجالس میں اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے فضائل و مناقب کے ساتھ ساتھ ان کے کرداراور پیغام پر بھی خصوصی روشنی ڈالی جاتی ہے تاکہ امت محض عقیدت تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال سکے۔


















تبصرہ