واقعۂ کربلا حق کی فتح کا عنوان ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
اللہ کے راستے میں جان دینے والوں کا ذکر خود اللہ بلند رکھتا ہے
محبتِ امام حسینؑ ،محبتِ رسولِؐ اور محبتِ الٰہی کا راستہ ہے: سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن
لاہور (20جون 2026)بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدنا امام حسین علیہ السلام کے عظیم روحانی مقام، اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کی محبت اور واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام پر گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق کی فتح کا عنوان ہے۔ محبتِ امام حسینؑ، محبتِ رسولِؐ اور محبتِ الٰہی کا راستہ ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے مقرب اور محبوب بندوں کے ذکر کو ہمیشہ زندہ رکھتا ہے۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام کا تذکرہ صرف اہلِ زمین تک محدود نہیں بلکہ آسمانوں میں بھی ان کی عظمت و فضیلت کا چرچا ہے۔ آپؑ کی ذاتِ اقدس حق، صداقت، وفا اور قربانی کا روشن مینار ہے جس سے رہتی دنیا تک انسانیت رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے اپنی حیاتِ طیبہ میں اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے محبت، شفقت اور وابستگی کا ایسا عملی نمونہ پیش فرمایا جو امت کے لیے دائمی رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اہلِ بیتؑ سے محبت دراصل حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت اور آپ ﷺ کی تعلیمات سے وابستگی کا مظہر ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے میدانِ کربلا میں صبر، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کی ایسی مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخِ انسانیت میں نہیں ملتی۔ آپؑ نے ظلم، جبر اور باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق و صداقت کا پرچم بلند رکھا اور دینِ مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ کے لیے عظیم ترین قربانی پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ انسانیت کے لیے ایک دائمی درس اور پیغام زندگی ہے۔ یہ واقعہ ہر دور کے انسان کو یہ سبق دیتا ہے کہ حق کی خاطر قربانی دینا، ظلم کے سامنے ڈٹ جانا اور اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔


















تبصرہ