مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لئے منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت میں قرآن خوانی کا انعقاد

لاہور: مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، جلیل القدر عالمِ دین، استاذ العلماء، مفسرِ قرآن اور شیخ الحدیث مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب اور درجاتِ بلندی کے لیے منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن آغوش کمپلیکس لاہور میں قرآن خوانی و تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔
خصوصی دعائیہ تقریب میں منہاج انسٹیٹیوٹ کے طلبہ و اساتذہ کرام کے علاوہ کرنل مبشر اقبال ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس، محمد عباس نقشبندی پرنسپل تحفیظ القرآن، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی پرنسپل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، ڈاکٹر آفتاب احمد خان پرنسپل منہاج کالج برائے خواتین، مفتی غلام حسن، ونگ کمانڈر عبد الغفار ڈائریکٹر کالجز، ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر ناظم اعلی نظام المدارس پاکستان، رانا محمد اکرم قادری، کیپٹن محمد رمضان، عمران ظفر بٹ پرنسپل آغوش گرائمر سکول، ملک ارشد، بشیر جان، قاری اللہ بخش نقشبندی اور صاحبزداہ علامہ ناصر قیوم و ضیاء المصطفی شریک ہوئے۔
مہمانان گرامی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ منہاج القرآن کے عظیم راہ نما تھے جنہوں نے 42 برس سے زائد عرصہ جامعہ اور تحریک منہاج القرآن کی خدمت میں گزارا اور ہزاروں علماء، خطباء، ائمہ اور مفتیانِ کرام کی تربیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ استقامت، وفاداری، زہد، قناعت اور اخلاص کا پیکر تھے۔ طویل رفاقت کے دوران انہیں ہمیشہ عزم و استقلال کا پہاڑ پایا۔ انہوں نے کبھی حالات کا شکوہ نہیں کیا اور ہر حال میں صبر و شکر کو اپنا شعار بنائے رکھا۔ مفتی صاحب نے علم کا حق ادا کیا اور پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت میں گزاری۔
دعائیہ تقریب کا آغاز قاری خضر ذیشان نعیمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ محمد عبید اللہ حامد نے بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا جبکہ سید خالد حمید کاظمی وائس پرنسپل نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے اور اختتام پر ڈاکٹر آفتاب احمد خان نے خصوصی دعا کی۔




























تبصرہ