عرفان القرآن کورس کی تقریب رونمائی

مورخہ: 22 اگست 2007ء
حافظ محمد سعید رضا بغدادی (منہاجین) کی کتاب "عرفان القرآن کورس" کی تقریب رونمائی 22 اگست 3 بجے سہ پہر کانفرنس ہال مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کی سعادت شکیل احمد طاہر نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض بالترتیب ایڈیٹر دختران اسلام علامہ محمد حسین آزاد اور مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے انجام دیئے۔ اس پروقار تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن مسکین فیض الرحمان خان درانی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری، امیر پنجاب احمد نواز انجم، امیر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، علامہ حافظ عبدالشکور سیالوی، ظفر اقبال (الوطن گروپ)، ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز، راضیہ شاہین تھے۔

حافظ عبدالشکور سیالوی نے شرکاء تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی حفظ قرآن کے استاد بھی ہیں اور بہت سے دینی اداروں کے بانی اور مہتمم بھی۔ آپ نے کہا کہ قرآن پاک کی خدمت کے حوالہ سے حافظ سعید رضا بغدادی کا یہ شاندار کارنامہ ان کی شب و روز محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دوران تدریس حفظ قرآن اس بچے کی قابلیت ظاھر ہو چکی تھی لیکن حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس بچے کو جو نکھار دیا ہے یہ صرف حضور شیخ الاسلام کا ہی خاصہ ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ پاک حضور شیخ الاسلام کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور حافظ محمد سعید رضا بغداد کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔

نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری شدید خواہش تھی اور خواب تھا جو کہ میں نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کے وقت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش بھی کیا کہ تحریک کے پلیٹ فارم سے تدریس قرآن کے حوالہ سے بھی کام ہو۔ آپ نے کہا کہ "عرفان القرآن کورس" کے ذریعے اللہ رب العزت اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میری اس دعا کو شرف قبولیت سے نوازا جس کے لئے میں حافظ محمد سعید رضا بغدادی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور "عرفان القرآن کورس" کو پھیلانے کے لئے ہم ان شاء اللہ العزیز اپنی پوری توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی کا شمار حضور شیخ الاسلام کے نہایت ہونہار شاگردوں میں ہوتا ہے۔ ان کا طریقہ تدریس نہایت شاندار اور آسان ترین ہے۔ میں نے ان کی کئی کلاسز دیکھی ہیں اور میں ان سے بے حد متاثر ہوں، اللہ پاک ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور مشن کے لئے استقامت عطا فرمائے۔

تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر الازھری نے کہا کہ تالیہ "عرفان القرآن کورس" حافظ محمد سعید رضا بغدادی کا بیمثال کارنامہ ہے۔ یہ کتاب اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کورس کو پہلے بیسیوں جگہوں پر کامیابی سے پڑھایا جا چکا ہے اور اس کی بے پناہ ڈیمانڈ کے پیش نظر اس کو کتابی صورت میں پیش کرنے پر ہم حافظ سعید رضا بغدادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔



مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی سے کتاب لکھوا کر میں نے اپنی نجات کا سامان کیا ہے۔ آپ نے کہا کہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی بلاشبہ تحریک منہاج القرآن کا سرمایہ ہیں اور کتاب "عرفان القرآن کورس" ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ عرفان القرآن کورس کو پوری دنیا میں پھیلانے کا عزم رکھتے ہیں۔ میں اس عظیم الشان کام پر حافظ محمد سعید رضا بغدادی کو اپنی طرف سے اور پوری تحریک کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ راضیہ شاہین نے اپنے بیان میں کہا کہ قرآن پاک امت کے امراض کا شاہی علاج کرتا ہے۔ امت کا عروج تمساک بالقرآن سے ہی عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی اس حوالے سے قرآن اور تحریک منہاج القرآن کی جو خدمت کی ہے میں ویمن لیگ کی طرف سے انہیں صدبار مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ بات بھی ہمارے لئے مسرت کا باعث ہے کہ ان کے مرکز پر آنے کے بعد سے اب تک ان کی صلاحیتوں سے زیادہ فائدہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اٹھایا ہے اور ہم آئندہ بھی ان کی صلاحیتوں کو قرآنی فکر کے فروغ اور مشن کی ترویج کے لئے استعمال میں لاتی رہیں گی۔

حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے اظہار خیال کرتے ہوئے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق اور حضور شیخ الاسلام کی نظر کرم اور توجہات خاص سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کورس کے لئے انہوں نے کئی سال انتھک محنت کی ہے اور آئندہ بھی قرآن فہمی کے لئے وہ ہر چیز سے بالاتر ہو کر قرآنی تدریس کو اہمیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تالیہ عرفان القرآن کورس کو نا صرف عامۃ الناس بلکہ علماء کے ہاں بھی تلقی بالقبول حاصل ہوا ہے اور علماء اسے بے حد پسند کر رہے ہیں اور مان چکے ہیں کہ قرآن کی تفھیم کے حوالے سے یہ نادر کاوش ہے اور اس کو پوری دنیا میں پھیلانا چاہئے۔ حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے کہا کہ تجوید، ترجمہ، تفسیر، گرائمر، احادیث، دعاؤں پر مشتمل مجموعہ لیکچرز "عرفان القرآن کورس" ہی جدید دنیا میں قرآن فہمی کے لئے منتخب کیا جائے گا اور بہت جلد پوری دنیا میں عرفان القرآن کورسز بھی کروائے جائیں گے جو کہ پاکستان میں کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔

انہوں نے بطور خاص ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان خان درانی اور نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان قائدین کی محبت اور حوصلہ افزائی سے ہی یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچا ہے اور ان شاء اللہ العزیز آئندہ بھی انہیں کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن قرآن فہمی کے اس عظیم منصوبہ پر عمل کرتی رہے گی۔ حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے آخر میں سب مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس شعر پر اپنے کلمات کا اختتام کیا۔

جتنا دیا سرکار نے مجھ کو اتنی میری اوقات نہیں ہے
یہ تو کرم ہے ان کا ورنہ مجھ میں تو ایسی بات نہیں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top