مینارۃ السلام کے گنبد کی بنیادوں کا لینٹر شروع

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی عمارت مینارۃ السلام کے گنبد کی بنیادوں کو کھڑا کر دیا گیا ہے۔ اس کا آغاز زیر زمین لینٹر سے ہوا۔ اس لینڑ کو چار دیواری کی شکل میں بنایا گیا ہے جس کے لیے گنبد کی بنیادوں میں زیر زمین 12 بڑے پلرز بنائے گئے ہیں۔ ان میں چار بڑے پلرز ہیں جو عمارت کے چاروں کناروں پر بنائے گئے جبکہ 8 چھوٹے بھی شامل ہیں۔ ان پلرز پر ہیوی سریوں اور سمینٹ کے کام سے لینٹر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ لینٹر 7 فٹ تک تعمیر کیا گیا ہے۔ مینارۃ السلام کے گنبد کی مغربی سمت زیر زمین ایک کونے میں بور بھی کیا جا رہا ہے۔ اس جگہ سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالا جائے گا۔ جس سے تعمیراتی کام کے دوران پانی کی فراہمی میں مدد لی جائے گی۔

مینارۃ السلام کے تعمیراتی کام کے لیے مزدور زیر زمین کام کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ مینارۃ السلام کے گنبد کے ساتھ عمارت کا دیگر تعمیراتی کام چھت کے لینٹر کی تکمیل کے مرحلے پر روک دیا گیا۔ اس مرحلے میں گوشہ درود کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے لان والے حصے پر گوشہ درود کا جو ہال تعمیر کیا گیا ہے اس پر لینٹر ڈالنے کے بعد اسے پانی سے تر رکھا جا رہا ہے۔ اس لینٹر والی جگہ پر کیاریوں کی شکل میں پانی کھڑا کیا گیا اور آئندہ دو ہفتوں تک اسے مزید پانی سے تر رکھا جائے گا۔ دوسری طرف اس گوشہ درود کے ہال پر ایک کونے میں تکنیکی امور کے پیش نظر مزدوروں نے ایک عارضی خیمہ بھی لگا دیا ہے۔ اس خیمہ میں تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے اوزار اور ضروری سامان رکھا گیا ہے۔ مینارۃ السلام کے گنبد کی تعمیر کے لیے اس کے اردگرد مرکزی سیکرٹریٹ کی چار دیواری بھی عارضی طور پر گرا دی گئی ہے۔ اس کی جگہ تعمیراتی کام کے لیے چاردیواری کے طور پر استعمال ہونے والی جستی شیٹز لگائی گئی ہیں۔

دریں اثناء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مینارۃالسلام کی عمارت کا گزشتہ دنوں خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی ان کے ساتھ تھے۔ ناظم اعلی نے شیخ الاسلام کو تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مینارۃ السلام کی عمارت کے تعمیر کردہ حصہ کو انجینئرز کی نگرانی اور تعمیراتی عملہ کی دن رات محنت سے مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام نے مینارۃ السلام کے گنبد اور عمارت کے دوسرے حصوں کا گہری دلچسپی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعمیراتی کام کی تیزی سے تکمیل پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عمارت کے تعمیراتی کام میں مزید بہتری کے لیے ناظم اعلیٰ اور عمارت کے چیف انجیئنر کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ اس وزٹ کے اختتام پر شیخ الاسلام نے تعمیراتی کام میں مزید خیر و برکت کے لیے دعا بھی کی۔ گوشہ درود کی عمارت کے تعمیراتی کام میں یہ مرحلہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top