متاثرین زلزلہ کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک کروڑ مالیت کا سامان زیارت اور پشین روانہ

امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی صحافیوں سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک کروڑ مالیت کے امدادی سامان کا پہلا قافلہ گزشتہ رات متاثرین زلزلہ کے لئے زیارت اور پشین روانہ ہو گیا۔ اشیائے خوردونوش، کمبل، رضائیاں، گرم کپڑے، جوتے، ادویات اور خیموں پر مشتمل سامان کے ٹرک بھجوائے جانے کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پوری دنیا میں بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ طوفان سونامی کا ہو یا قیامت خیز زلزلہ کشمیر سرحد اور بام (ایران) کا، سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں یا ناگہانی آفات، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر جگہ متاثرین کی بحالی کے لئے موجود ہوتی ہے۔ قدرتی آفات کے شکار افراد کی مدد اور بحالی کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو ہر جگہ نمایاں حیثیت حاصل ہوتی ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی ہر ممکن مدد کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی ہدایات دی ہیں اور فوری طور پر ایک کروڑ روپے کا امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ پاکستان بھر کے مختلف اضلاع میں امدادی کیمپ لگا دیے گئے ہیں، جہاں ہزاروں کارکن امدادی سامان کی وصولی میں مصروف ہیں۔ منہاج القرآن کی بیرون ملک تنظیمات بھی زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے تندہی سے کا م کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصیبت کی ہر گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے اور انسانیت کی خدمت اس کا اولین مشن ہے۔ اس موقع پر ناظم ویلفیئر ڈاکٹر شاہد محمود، ناظم میڈیا میاں زاہداسلام، بلال مصطفوی، عاقل ملک، امجد جٹ اور بشیر جان بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top