طلبہ یونین کے الیکشن سے قبل تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کیا جائے۔ طلبہ امن مارچ میں ہزاروں طلبہ کی شرکت

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام "طلبہ امن مارچ" پریس کلب تا گورنر ہاؤس ہوا جس میں لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محمد ذیشان بیگ نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کیا جائے، یونین الیکشن سے پہلے جمہوری فضاء سازگار بنائی جائے، ضابطہ اخلاق تمام طلباء تنظیموں کی مشاورت سے بنایا جائے، تعلیمی اداروں میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جائیں اور تمام طلبہ تنظیموں کو الیکشن میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ مرکزی سینئر نائب صدر امجد حسین جٹ نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں طلبہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس وقت حکومت کی توجہ کے سب سے زیادہ مستحق طلبہ ہیں اور طلبہ کی فلاح ہی ہمارا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طالبعلم اور کتاب کے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو بحال کرنے پر محنت کر رہی ہے اور اس حوالے سے ہر تعلیمی ادارے میں کام ہو رہا ہے اور ہم نے اس کا مکمل نظام بنا رکھا ہے۔ سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ساجد گوندل نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں طلبہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم ایسے اقدامات پر یقین رکھتے ہیں کہ جس سے وطن عزیز ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپس کے ہوتے تعلیمی اداروں میں امن قیام ممکن نہیں، اس لیے حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ طلبہ امن مارچ سے سابق مرکزی صدر ایم ایس ایم محمد حنیف مصطفوی، تنویر خان، لطیف سندھو، بلال مصطفوی مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد حفیظ کیانی، رضوان علی، اسماعیل انعام اور سعید خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی واحد نمائندہ تنظیم ہے کہ جس کا مقصد معاشرے کیلئے صالح نوجوان تیار کرنا اور اسلام کے حقیقی پیغام امن کو تمام لوگوں تک پہنچانا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top