بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام محفل نعت

(ایم ایس پاکستانی)

بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام سالانہ محفل قرات و نعت 20 نومبر 2008ء کو ہوئی۔ اس پروگرام کو مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے ہال کی چھت پر منعقد کیا گیا۔ برقی قمقوں اور خوبصورت پنڈال میں ہونے والی محفل نعت کا آغاز شب 8 بجے ہوا۔ یہ روحانی محفل قدوۃ الاولیاء کے صاحبزادگان حضرت پیر السید محمود محی الدین القادری الگیانی، حضرت پیر السید عبدالقادر جمال الدین القادری الگیانی اور حضرت پیر السید محمد ضیاءالدین القادری الگیانی کی زیرسرپرستی منعقد ہوا۔ حضرت صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین القادری الگیلانی اور حضرت صاحبزادہ السید عبدالرحمٰن سیف الدین القادری الگیلانی نے محفل نعت کی صدارت فرمائی۔

تحریک منہاج القرآن کے امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مہمان خصوصی تھے۔ سرپرست تحریک منہاج القرآن الحاج امین الدین قادری، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ناظم پنجاب احمد نواز انجم، گوشہ درود کے حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد ریاض، حاجی محمد الیاس قادری اور دیگر مرکزی قائدین معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پروگرام میں کالج آف شریعہ کے طلباء کے علاوہ دیگر شرکاء اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن کے لیے پنڈال کا نصف حصہ مختص کیا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز قاری لعل محمد باروی، قاری سید خالد حمید کاظمی اور قاری محمد عثمان نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ تینوں معزز قراء کرام نے باری باری تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ کالج آف شریعہ کے شہزاد برادران، محمد ارشاد اعظم چشتی، محمد علی سجن، شہزاد حنیف مدنی، منہاج نعت کونسل، قاری عنصر علی اور محمد افضل نوشاہی نے نعت خوانی کی۔ تمام نعت خوانوں نے اپنے مخصوص انداز میں ثناء خوانی کر کے ماحول کو روح پرور بنا دیا۔ محمد افضل نوشاہی اور دیگر نعت خواں حضرات نے حضور غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں منقبت بھی پیش کی۔

بزم قادریہ کے چیف آرگنائزر شہزاد رسول قادری نے حرف آغاز پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شہزادگان کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ محفل نعت میں دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس پروگرام کی نقابت حافظ محمد طاہر بغدادی اور حافظ سعید الحسن طاہر نے مشترکہ طور پر کی۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس موقع پر شہزداگان نے مختصر دعا کروائی جس کے بعد شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام تھا۔

 

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top