منہاج ویلفیئر فاونڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 25 اجتماعی شادیاں

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب 9 نومبر کو گلفشاں کالونی فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اس تقریب کی صدارت کی جبکہ سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد مہمان خصوصی تھے۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ناظم ڈاکٹر شاہد محمود، سید ہدایت رسول شاہ، حاجی محمد سلیم، خواجہ اسلام، چوہدری سلیم اختر، محمد یوسف موتی، رفیق انجم، حاجی عنایت اللہ، مہر رشید قادری، میاں عبدالقادر، حاجی محمد امین، صفدر علی اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت پاک سے ہوا جس کے بعد نعت بھی پڑھی گئی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس تقریب کو ایک خوبصورت پنڈال میں منعقد کیا۔ اس کے لیے سٹیج کے دائیں اور بائیں دلہا اور دلہنوں کے لئے الگ الگ نشستیں لگائی گئیں۔ تقریب میں تشریف لانے والی تمام باراتوں اور دلہا دلہن کا والہانہ استقبال بھی کیا گیا۔ ننھے منے بچے ہر معزز مہمان کا پھولوں کیساتھ استقبال بھی کر رہے تھے۔ ہر بارات کے ساتھ 50 لوگوں کو دعوت دی گئی تھی۔ ان کے لیے شاندار دعوت ولیمہ بھی کی گئی۔

تقریب میں قاری سرفراز احمد اور حافظ محمد اعظم نے تمام جوڑوں کے الگ الگ نکاح پڑھائے۔ اس موقع پر دلہنوں کو ایک لاکھ روپے کا جہیز بھی دیا گیا جس میں عرفان القرآن، جائے نماز، واشنگ مشین، سلائی مشین، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، کلاک، ٹی سیٹ، پیڈسٹل فین، ڈنر سیٹ، عروسی دلہن سیٹ، پلاسٹک کے برتن، استری، برتنوں والی الماری، پیٹی، ٹرنک اور جہیز کا دیگر سامان بھی شامل تھا۔ اس سامان کے ساتھ ہر دولہے کو قیمتی گھڑی جبکہ ہر دلہن کو سونے کی بالیاں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔

تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن معاشرے کی فلاح و بہبود کے لے کوشاں ہے اور یہ 25 اجتماعی شادیاں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ غربت، مہنگائی اور کسپمسری نے غریب آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں اپنی بچیوں کی شادیاں کرنا غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اجتماعی شادیوں کی وجہ سے کئی گھرانے اجڑنے سے بچ گئے ہیں۔ ہم مرکزی سطح پر ہر سال اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتے ہیں اور الحمد للہ اب مختلف شہروں میں یہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے بڑے پروقار انداز میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا ہے۔ اس میں شریک جوڑوں کے لیے بھی یہ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری حقیقت میں اسلام کے عالمی پیغام امن و فلاح و بہبود کو عام کر رہے ہیں۔ آج ملک میں ایسے منصوبوں کی ضرورت ہے جس سے ہر طبقہ کے لیے خوشیاں کا حصول ممکن ہو سکے۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس کام کو بے حد سراہا اور اس کو حکومتی سطح پر بھی باقاعدگی سے کروانے پر زور دیا۔ تقریب میں ڈاکٹر شاہد محمود، خواجہ اسلام، ہدایت رسول قادری اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں تمام معزز مہمانوں اور باراتیوں کے لیے ولیمہ کا بھی انتظام تھا۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

اخباری تراشے ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top