منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے زیراہتمام عیدملن تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے زیراہتمام عیدملن تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا آغاز بچوں کی تلاوت کلام پاک کے مقابلے سے ہوا۔ ان بچوں میں محمد اسد، مستجاب بیگ، محمد یاسین، عائشہ امجد، بدر مہتاب اکبر، اسامہ محمود، قمرین خلیل، راحین اشتیاق، رمشا بیگ، وجدان الحق اور انعام الحق شامل تھے۔

تلاوت کلام مجید کے حسین مقابلے کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ جس کے سعادت محمد ارباز، حسنین زاہد، خوشنود احمد، محمد عثمان اور محمد سلیمان نے حاصل کی۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی مجلس شوریٰ کے صدر خضرحیات تارڈ نے بچوں کے ساتھ مل کر خوبصورت انداد میں قصیدہ بردہ شریف پڑھا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن جرمنی کی مجلس شوریٰ کے صدر خضر حیات تارڑ جو کہ اس عید ملن تقریب کے کوآرڈینیٹر بھی تھے نے تقریب کے اختتامی کلمات اداکرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر درحقیقت تہذیب وشائستگی کا جشن مسرت، اسلام کی اعلیٰ اقداراور عظیم روایات کی علامت اور امت مسلمہ کا پرمسرت مذہبی وملی تہوار ہے۔ جسے منانا بحیثیت قوم ہمارے لئے بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ اس عید کا چاند بغداد کابل اور کشمیر کے مطلع پر بھی طلو ع ہواہو گا وہاں عید کاچاند دیکھ کر ہمارے ان بھائیوں، بہنوں اور بچوں پر کیا بیتی ہوگی۔ ہمیں ان کوہرگز نہیں بھولنا چاہیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے ڈائریکٹر قاری خلیل احمد نے عید ملن کی تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عید محض ایک لفظ نہیں ہے بلکہ اس کے اندر خوشیوں اور مسرتوں کا ایک سمندر موجزن ہے اور عید ملن کے انعقاد کا مقصد باہمی محبت اور الفت کی فضاء پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اس قسم کے پروگرام منعقد کرکے دنیا بھر میں باہمی اخوت و محبت کے پیغام کو عام کر رہا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی مجلس شوریٰ کے صدر خضرحیات تارڈ اور صدر منہاج القرآن برلن جرمنی صدیق اکبر نے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک میں مسجد ھذٰا میں افطاری کے شاندار انتظامات کرنے پر حاجی جاوید، محمد ذیشان، اور میاں عمران الحق کی کوششوں کو سراہا گیا اور اعزاز کے طور پر حاجی صدیق اکبر، چوہدری منور اور خضرحیات نے انہیں پھول پیش کئے۔

آخرمیں خضرحیات تارڈ نے اس تقریب میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پاک محمد مسجد، مسجد امام جعفر الصادق، ایشین جرمن رفاعی سوسائٹی، جرمن پاکستان فورم، بزم ادب برلن سٹوڈنٹس، پاکستان جرمن فورم برائے ثقافت وجمہوریت کے اراکین، عہدیداران و ایمبیسیز سے متعلقہ حضرات سمیت سبھی شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: صدیق اکبر (برلن جرمنی)
مرتب: میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top