ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی نولکھا چرچ کی سالگرہ تقریب میں خصوصی شرکت

نولکھا چرچ کی 155ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب مورخہ 13 دسمبر 2008ء کو منعقد ہوئی۔ پاسٹر مجید ایبل کی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سہ رکنی وفد ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام اور ڈائریکٹر امورخارجہ جی ایم ملک اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک سہیل احمد رضا نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

سالگرہ تقریب میں مہمان خصوصی چوہدری عبدالغفور وزیر جیل خانہ جات، منور حسن سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی، بشپ سموئیل عذرایا، پردان بشن سنگھ، ڈاکٹر منور چاند اور پادری مرقس فدا تھے اس کے علاوہ مختلف مذاہب کے سینکڑوں مرد اور خواتین نے شرکت کی۔

تقریب میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بلایا گیا تھا۔ تمام مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کی تعلیم دی ہے۔ اسلام دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں ہم اہنگی کے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کے عالمگیر پیغام امن کو دنیا بھر میں عام کر رہے ہیں۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تمام مسیحی بھائیوں اور پاسٹر مجید ایبل کو نولکھا چرچ کی 155سالگرہ اور کرسمس کی خوبصورت تقریب سجانے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اور کہا کہ اس طرح کی تقاریب میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور سمجھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اسلام نے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کی تعلیم دی ہے۔ اسلام دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیتا ہے۔ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے اور عالمی امن کے قیام کا بنیادی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں بیں المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کے عالمگیر پیغام امن کو دنیا بھر میں عام کر رہے ہیں۔

پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام اور ڈائریکٹر امورخارجہ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے پاسٹر مجید ایبل کو نولکھا چرچ کی155ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاسٹرمجید ایبل نے ایسی تقریب منعقد کی جس نے تمام مذاہب کا گلدستہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام دنیا میں امن کے داعی ہیں اور مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1998ء میں مسلم اینڈ کرسچن ڈائیلاگ فورم کی بنیاد رکھی جس کے ذریعے پوری دنیا میں مذہبی ہم آہنگی کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ اسی حوالے سے 18 دسمبر 2008ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکز ی سیکرٹریٹ پر کرسمس کا پروگرام منعقد ہو رہا ہے تمام شریک مسلم اور مسیحی بھائیوں کو شرکت کی دعوت دی۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ بھارت سیکولرازم کا ڈرامہ رچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ بھائی چارے اور امن سے رہ رہے ہیں۔ اسلام ایک متوازن دین ہے جو کسی شدت پسندی کی تعلیم نہیں دیتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کیے جاتے ہیں جس کی واضح مثال گجرات کے مسلمانوں کا قتل عام اور فسادات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کبھی عیسائیوں کے گھر جلائے گئے تو کبھی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے گئے۔ یہاں دوسری بڑی قوم سکھ بھی بھارتی شدت پسند ہندؤوں کے مظالم سے نہیں بچ سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں دہشت گردی اور ممبئی بم دھماکوں کی پاکستان پر ذمہ داری ڈالنا سراسر تنگ نظری اور حقائق سے نظریں چرانے کے مترداف ہے۔

تقریب کے آخر میں تمام شرکاء نے بین المذاہب اظہار یکجہتی کے لیے مشترکہ طور پر کیک بھی کاٹا۔ جس کے بعد پاکستان اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top