بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام سالانہ محفل قرات و نعت

رپورٹ : سید مدثر محی الدین شاہ
مرتب : ایم ایس پاکستانی

بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام مورخہ 27 نومبر کو پانچویں سالانہ محفل قرات و نعت جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوئی۔ یہ محفل تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست شہزادہ غوث الوریٰ شیخ المشائخ قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے جگر گوشہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اس محفل کی صدارت کی۔ مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن خان درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، شمیم احمد نمبردار، محمد سلیم یوسفی، کوآرڈینیٹر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز میاں محمد عباس نقشبندی، سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حاجی راحت حبیب، رانا محمد اکرم قادری، علامہ حافظ نعیم الرحمٰن قادری، حافظ محمد زاہد، تنویر حسین اور شیخ محمد فاروق دیگر معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

کالج آف شریعہ کے طلبہ کے علاوہ سینکڑوں افراد نے اس روحانی محفل میں شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز قاری محمد عثمان کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سید بہادر شاہ بخاری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی۔

پروگرام میں پہلے محفل قرآت شروع ہوئی۔ اس موقع پر قاری سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔ اسی اثناء میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری پروگرام میں تشریف لائے۔ شرکائے محفل نے آپ کا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی آمد کے بعد قاری اللہ بخش نقشبندی نے محفل قرات میں اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت پیش کی۔ اس سے قبل بزم قادریہ کے چیف آرگنائزر شہزاد رسول قادری نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ مجلس حضور غوث الاعظم کے پیارے شہزادے حضور قدوۃ الاولیاء کی یاد میں سجائی ہے۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ میں معزز مہمانوں کے علاوہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو خصوصی طور پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

نعت خواں احسن اویس نے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کا کلام پڑھا۔ ان کے علاوہ محمد ابوبکر تابش نے کلام اقبال کو نعتیہ انداز میں پیش کیا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے "رضائے الہی اور اولیائے کرام سے تعلق" کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کے مقربان اولیاء کرام اللہ تعالی کا ایسا قرب حاصل کر لیتے ہیں کہ جو ان کی صحبت میں آئے اس کی بھی اللہ سے لو لگ جاتی ہے۔ ان اولیاء اللہ کا اللہ تعالی سے تعلق اس قدر مضبوط ہوتا ہے کہ یہ اپنے عقیدت مندوں کو بھی قرب الٰہی کے انعام سے نوازتے ہیں۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور غوث اعظم کی شان تمام اولیاء کرام کے لیے سپریم پاور کی حیثیت رکھتی ہے۔ امت کے تمام اولیاء کرام کو فیض آپ کے در سے ملتا ہے۔ اللہ تعالی نے حضور غوث الاعظم کو بلند پایہ شان عطا فرمائی ہے۔ شیخ المشائخ قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین قادری الگیلانی آپ حضور غوث پاک کی اولاد اور عظیم فرزند ہیں۔ آپ تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست بھی ہیں۔ آج حضور قدوۃ الاولیاء کے منظور نظر اور مرید خاص شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں دین مبین کے احیاء اور سربلندی کے لیے امت مسلمہ کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

آپ نے اپنے خطاب کے آخر میں یہ بھی کہا کہ آج تحریک منہاج القرآن کے رفقاء اور دنیا بھر میں کارکنان پر یہ لازم ہے کہ وہ حضور غوث اعظم کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کریں۔ اسی صورت میں کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے حضور غوث اعظم کی یاد میں اس مجلس کو منعقد کرنے پر بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی کے عہدیداران کو خاص طور پر مبارکباد بھی دی۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے خطاب کے بعد محفل نعت کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس موقع پر الحاج اختر حسین قریشی، الحاج شہزاد حنیف مدنی اور منہاج نعت کونسل نے نعت خوانی کی۔ پروگرام کے آخر میں ملک کے معروف قاری کرامت علی نعیمی نے تلاوت کلام پاک کی۔ انہوں نے اپنے خوبصورت انداز میں تلاوت قرآن سے شرکاء کے قلوب و اذھان کو منور کیا۔ تلاوت قرآن کے بعد قاری کرامت علی نعیمی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پیش کی۔

پروگرام کا اختتام سلام کے بعد ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی دعا سے ہوا۔ اس مجلس میں نقابت کے فرائض سید مدثر محی الدین شاہ جنرل سیکرٹری بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی اور حافظ محمد طاہر بغدادی نے سرانجام دیئے۔ حاضرین کے لیے محفل کے بعد لنگر غوثیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top