تقریب بسلسلہ سالانہ ختم وصال مبارک قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی

(ایم ایس پاکستانی)

خانوادہ غوث الوریٰ کے عظیم چشم و چراغ اور تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست حضور قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ ختم وصال مبارک کے سلسلہ میں مورخہ 3 دسمبر کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کو حضور قدوۃ الاولیاء کے مرید خاص اور دربار غوثیہ کراچی میں 50 سال تک بطور خادم خدمت کرنے والے حاجی شیر جان قادری کے لیے تعزیتی ریفرنس سے منسوب کیا گیا۔ حاجی شیر جان قادری کا دو روز قبل کراچی دربار غوثیہ پر ہی انتقال ہوا تھا۔

اس موقع پر قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین اور صاحبزادہ السید عبدالرحمٰن سیف الدین القادری الگیلانی اس تقریب میں شرکت کے لیے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ تشریف لائے۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ناظم ابلاغیات حاجی منظور حسین قادری، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، امیر تحریک لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، بزم قادریہ کے عہدیداران، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ کرام اور طلباء نے استقبال کیا۔

صبح سوا 12 بجے پھولوں کی بارش اور درود و سلام کی فضاؤں میں استقبالی نعروں سے صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین اور صاحبزادہ السید عبدالرحمٰن سیف الدین القادری الگیلانی کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے طلباء نے عربی قصیدے بھی پڑھے۔ تقریب میں امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، دیگر مرکزی قائدین، دربار غوثیہ لاہور کے خدام اور سٹاف ممبران مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن بھی موجود تھے۔

اس پروگرام کا آغاز تلاوت سے ہوا۔ شریعہ کالج کے قاری محمد عثمان نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ نعت مبارکہ کے بعد حضور غوث پاک کے لیے منقبت بھی پیش کی گئی۔ بزم قادریہ پاکستان کے چیف آرگنائزر شہزاد رسول قادری نے اسقبالیہ کلمات پیش کئے۔

ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین اور صاحبزادہ السید عبدالرحمٰن سیف الدین القادری الگیلانی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے خاص مریدین میں شامل ہیں، یہی نہیں بلکہ قدوۃ الاولیاء کی توجہ اور روحانی نظر کرم ہمیشہ اس تحریک پر ہے۔ اس کے علاوہ حضور غوث الاعظم کا بھی منہاج القرآن پر خاص فیض ہے۔ اس فیض کو قدوۃ اولالیاء نے آگے بڑھایا۔ قدوۃ اولیاء ہر وقت اپنے مریدین پر روحانی نظر رکھتے ہیں۔ اس لیے ہمارا یہ یقین ہے کہ آج بھی منہاج القرآن پر ان کی نظر کرم ہے۔

تقریب کے آخر میں امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا ہمارے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ آج قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین اور صاحبزادہ السید عبدالرحمٰن سیف الدین القادری الگیلانی تشریف لائے ہیں۔ حاجی شیر جان کی وفا داری اور اخلاص ہم سب کے لیے ایک مشعل ہے۔ ہم بھی ان کی زندگی سے سلسلہ قادریہ سے لگاؤ سیکھ سکھتے ہیں۔

تقریب میں کمپئرنگ کے فرائض حافظ محمد طاہر بغدادی نے سر انجام دیئے۔ صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین القادری الگیلانی کی دعا سے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top