کالج آف شریعہ میں تقریری مقابلہ بعنوان اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

رپورٹ : محمد نواز شریف

منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں استقبال محرم الحرام کے سلسلہ میں محفل نعت و تقریری مقابلہ مورخہ 30 دسمبر 2008ء کو منعقد ہوا۔ بزم منہاج کے زیراہتمام ہونے والے اس پروگرام کی صدرات منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ ان کے ساتھ پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالرحمن بخاری مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاری، علامہ شہزاد مجددی، رانا محمد اکرم قادری، میاں محمد عباس نقشبندی، صدر بزم منہاج حافظ غضنفر حسنین قادری اور کالج آف شریعہ کے معزز اساتذہ کرام بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت مبارکہ اور منقبت سے ہوا۔ محفل نعت میں طلبہ نے بھر پور حصہ لیا۔ محرم الحرام کی مناسبت سے طلبہ نے منقبت بھی پیش کیں۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ میں فرسٹ ایئر میں نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ اپنی تعلیم کے ساتھ تربیت اور اپنے کردار کی پختگی پر بھی گہری توجہ دیں۔ آج کے تربیت یافتہ طلبہ کل نہ صرف بہترین شہری ثابت ہوں گے بلکہ ملکی ترقی کی باگ دوڑ بھی ان کے کندھوں پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں اس کے نوجوانوں کا کردار بہت اہم رہا ہے اس لیے طلبہ کسی تعلیمی ادارے کی قید کے بغیر اپنے اندر محنت و لگن پیدا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی وہ تعلیمی ادارہ ہے جو بیک وقت طلبہ کی تعلیم و تربیت کا فریضہ احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہے۔ یہاں طلبہ کو دنیا بھر کے قدیم وجدید علم و فنون سکھائے جاتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس ملک کے طلبہ کو اپنے عمل و کردار میں پختہ دیکھنا چاہتے اور تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں اپنے اس پیغام کو عملی طور پر عام کر رہی ہے۔

خطاب کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے مقابلہ حسن نعت کے پوزیشن ہولڈرز محمد علی ضیاء کو اول، حافظ طلال کو دوئم اور محمد شعیب رضا کو تیسری پوزیشن کا انعام دیا۔ تقریری مقابلہ ’’اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد‘‘ میں حافظ ذیشان اول، افنان خان دوئم اور محمد ساجد سوئم رہے۔ مقابلہ کوئز میں حافظ ناصر، عمیر طاہر اور ان کی ٹیم انعام کی حقدار قرارپائی۔ بزم منہاج کے جنرل سیکرٹری عدنان وحید قاسمی نے پروگرام کی نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top