منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیراہتمام فری آئی کیمپ

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیراہتمام دسواں سالانہ تین روزہ فری آئی کیمپ مورخہ 9 نومبر منہاج القرآن اسلامک سنٹر نارووال میں منعقد ہوا۔ کیمپ کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ اس موقع پر آکولو پلاسٹک سرجری کے مایہ ناز ڈاکٹر اور میو ہسپتال میں شعبہ آئی کے ہیڈ پروفیسر عمران اکرم صحاف، ڈسٹرکٹ آئی سرجن ڈاکٹر امانت علی، جنرل ہسپتال لاہور کے آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر آکاش، گجرات کے معروف سرجن ڈاکٹر سید مزمل حسین شاہ، میو ہسپتال لاہور کے سابق رجسٹرار ڈاکٹر سید جواد، ڈاکٹر گوہر رحمان، میو ہسپتال لاہور کے ڈاکٹر حافظ عطاء الرسول، میڈیکل آفیسر نارووال ڈاکٹر احمد سعید، پیرا میڈیکل سٹاف، شعبہ آپٹالوجی اور سرجری سے منسلک ملک کے دیگر ماہر ڈاکٹر بھی موجود تھے۔ اس کیمپ میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کے ساتھ ان کے رشتہ دار، ورثاء، دیگر معززین علاقہ اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد بھی یہاں حاضر تھی۔

اس کیمپ میں ڈسٹرکٹ نارووال اور دیگر علاقوں سے سینکڑوں مریضوں کی آنکھوں کے مفت آپریشن کیے گئے۔ اس کے لیے الگ آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا تھا۔ آپریشن کے بعد تمام مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں جن میں آنکھوں کے ڈراپ اور دیگر قیمتی ادویات شامل تھیں۔ کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ ہر مریض کی آنکھوں کا معائنہ کر کے اس کی مکمل ٹریٹمنٹ کا اہتمام تھا۔ جسے ماہر ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق کیا گیا۔ اس کے علاوہ آپریشن کے بعد مستحق مریضوں کی آنکھوں میں لینز بھی ڈالے گئے۔ عموماً فری آئی کیمپس میں مریضوں کا چیک اپ اور آپریشن تو کیا جاتا ہے لیکن لینز ڈالنے کے لیے انہیں ذاتی خرچ سے ہسپتال جانا پڑتا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کیمپ میں انتہائی قیمتی لینز بھی فری ڈالے گئے۔ اس کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موجود تھی جنہوں نے معائنے اور آپریشن کے بعد مریضوں کو لینز کے لیے منتخب کیا۔

کیمپ میں اس سال کے مریضوں کے علاوہ گزشتہ سال کے ان مریضوں کا بھی دوبارہ معائنہ کیا گیا جن کے آپریشن کیے گئے تھے۔ ان مریضوں کے لیے ایک الگ کیمپ لگایا گیا تھا۔ کیمپ میں تینوں روز مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے دورے بھی کیے۔ ان میں ناظم یوسف نونار کے ناظم رانا وکیل احمد خان اور دیگر معززین شامل تھے۔ تمام معززین نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس فلاحی کام کو بے حد سراہا۔

اختتامی روز کیمپ کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک مہمان خصوصی تھے۔ تحریک منہاج القرآن نارووال کے صدر اختر علی قادری، ناظم محمد سلیم عباس، ناظم پنجاب وسیم ہمایوں اور تحریک منہاج القرآن نارووال کے دیگر قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ اختتامی تقریب میں اس کیمپ کے روح رواں ڈاکٹر امانت علی، پروفیسر ڈاکٹر عمران اکرم صحاف اور ان کی ٹیم کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ اس موقع پر وہ تمام مریض اپنے رشتہ داروں کے ساتھ موجود تھے جن کے کیمپ میں آپریشن کیے گئے۔

اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ اس کے بعد ناظم تحریک منہاج القرآن نارووال محمد سلیم نے سپاسنامہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پہلے آئی کیمپ کا آغاز 1998ء میں کیا تھا۔ اس کے بعد یہ ایونٹ ہر سال باقاعدگی سے منعقد ہو رہا ہے۔ اس کیمپ سے قبل نارووال کے مختلف علاقوں میں او پی ڈی کیمپس لگائے جاتے ہیں۔ ان کیمپس میں مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے۔ جس کے بعد انہیں سالانہ معائنہ اور آپریشن کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔

اختتامی تقریب سے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ہمیشہ دکھی انسانیت کے فلاح کے لیے کام کیا۔ یہ فری آئی کیمپ بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ملک اور دنیا بھر میں دکھی اور نادرار لوگوں کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نارووال نے اس کیمپ کو علاقے بلکہ ملک کے ایک بڑے فری کیمپ میں بدل دیا ہے۔ اس کا تمام تر سہرا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور منہاج القرآن نارووال کے سر ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر امانت علی کی اس کیمپ کے انعقاد کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان کے ساتھ ڈاکٹروں کی تمام ٹیم اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی خصوصی مبارکباد کا مستحق ہے۔

اختتامی تقریب سے امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک، ڈاکٹر عمران اکرم صحاف ملک، ڈاکٹر امانت علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس فلاحی منصوبے کو سراہا۔ آخر میں ڈاکٹر عمران اکرم صحاف نے مریضوں کو حفاظتی حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔ کیمپ کی اختتامی تقریب دعا سے ختم ہوئی۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top