بڑی طاقتیں، یو این اور سلامتی کونسل دہرے معیار ختم کرکے اسرائیلی دہشت گردی ختم کرائیں : پاکستان عوامی تحریک

اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی ختم کرانے کیلئے OIC اور عرب لیگ کردار ادا کریں
پاکستان پر دباؤ بڑھا کر انڈیا کو چھوٹ دینا امریکہ اور مغرب کا دہرا معیار ہے
پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی بربریت اور انڈیا کے جنگی جنون کے خلاف قرارداد مذمت منظور

غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں متفقہ قراداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بڑی طاقتیں، UN اور سلامتی کونسل اپنے دہرے معیار کو ختم کرکے غزہ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی ختم کرانے میں کردار ادا کریں جبکہ OIC اور عرب لیگ بھی مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ بند کرانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کا نوٹس نہ لینے والے ممبئی حملوں پر پاکستان کے خلاف واویلا مچا رہے ہیں پاکستان پر دباؤ بڑھانا اور انڈیا کو چھوٹ دینا امریکہ کا دہرا معیار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمن خان درانی نے کہا کہ بڑی طاقتوں اور عالمی اداروں کا دہرا معیار عالمی امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کرنے کے بعد اس کو سرد خانے میں ڈال کر اسرائیل کو کھلی چھٹی دی گئی ہے دوسری طرف بھارت کو فائدہ پہنچانے کیلئے پاکستان کے جوہری اثاثوں کے غیر محفوظ ہاتھوں میں جانے کی بات دوبارہ کی جارہی ہے حالانکہ انڈیا میں ہندؤوں انتہا پسندوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے اور خطے کا امن پاکستان کی امن پسندی کے باعث ہی قائم ہے۔ بھارت اپنے اندرونی معاملات درست کرنے پر توجہ دے اور خطے میں کشیدگی کو بڑھانے اور جنگی جنون میں مبتلا ہونے کی بجائے ان باتوں پر توجہ دے جس کے باعث وہ اور پاکستان دہشت گردی کا شکار ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور سے نبٹنے کیلئے بھارت حقیقت پسندانہ پالیسی کو اپنائے اور پاکستان کے خلاف الزام تراشیوں سے باز رہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top