شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 50 لاکھ روپے سے فلسطین کے نہتے مسلمانوں کی امداد کیلئے فنڈ کا آغاز کر دیا۔

منہاج القرآن کے دنیا بھر کے کارکن فلسطین کے مظلوم بھائیوں کیلئے فنڈ اکٹھا کریں گے
فلسطین کا مسئلہ کسی قوم یا مذہب کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے:ڈاکٹر طاہرالقادری
انسانیت کا قتل کرنے والے اسرائیل کو کھلی چھٹی دینے والے ادارے اصل مجرم ہیں

فلسطین پر اسرائیل کی ریاستی بربریت کے نتیجے میں بے گھر نہتے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 50 لاکھ روپے سے امدادی فنڈ کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے ہدایات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تحریک منہاج القرآن کی دنیا بھر کی تنظیمات کوجاری کردی گئی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کارکن فلسطین کے مسلمانوں کیلئے دل کھول کر فنڈز اکٹھے کریں تاکہ اپنے مسلمان بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جاسکے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اندرون ملک تنظیمات بھی امداد اکٹھی کرنے کیلئے سرگرم ہوگئی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ٹورانٹو کینیڈا سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کسی قوم یا مذہب کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔ عالمی ضابطوں کو پامال کرکے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنانے والا اسرائیل دنیا کے اربوں انسانوں کیلئے قابل نفرت بن گیا ہے۔ انسانیت کے خلاف بد ترین دہشت گردی کرنے والا اسرائیل خطے کے امن کو سبوتاژ کرکے عالمی امن کیلئے خطرات بڑ ھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل انسانیت کا قتل کررہا ہے اور انسانی حقوق کا واویلا مچانے والے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ UN، سیکیورٹی کونسل اور بڑی طاقتوں کا دہرا معیار مشرق وسطیٰ اور دنیا میں قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ OIC اور عرب دنیا خصوصاً اور عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی جیسے مذموم اقدامات سے باز رکھنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top