غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام سینکڑوں بچوں کا مظاہرہ

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے مورخہ 14 جنوری 2009ء کو پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے سامنے ہوا جس میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سینکٹروں بچوں سمیت عوام نے بھی حصہ لیا۔ اس مظاہرے میں بچوں اور مظاہرین نے کتبے، پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس مظاہرے کی قیادت منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی شاہد لطیف قادری، سیف اللہ بھٹی، یاسر علی خان، زاہد چوہدری اور علی وقار نے مشترکہ طور پر مظاہرہ کی قیادت کی۔

اس موقع پر شاہد لطیف قادری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں ایک ہزار افراد اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بن کر شہید ہو چکے ہیں۔ بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد سمیت ہزاروں افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک زیادہ بے گناہ اور نہتے فلسطینی شہری ہی اسرائیلی جارحیت کا شکار بنے ہیں جن کا کوئی جرم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے لاکھوں افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں لیکن اس تمام ظلم و بربریت پر عالمی طاقتوں کا ضمیر ابھی تک نہیں جاگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے روایتی بے حسی، UN اور سیکیورٹی کونسل کے دوہرے معیار کی وجہ سے اسرائیلی کی جارحیت چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔ انہوں نے عالمی منصفوں کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ امریکہ سمیت بڑی طاقتوں کی چھوٹے ممالک کیلئے استحصالی اور غیر منصفانہ پالیسیاں مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے قیام میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔ مسلم دنیا کو OIC کے پلیٹ فارم سے مؤثر آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت ختم اور خطے میں قیام امن ممکن ہو سکے۔

سیف اللہ بھٹی، یاسر خان، زاہد چوہدری اور علی وقار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اور عالمی اداروں کی جانبداری کے خلاف منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے سینکڑوں بچے سراپا احتجاج ہیں۔ بچوں کا یہ احتجاجی مظاہرہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی تھا۔ مظاہرہ میں شریک بچوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرانے کیلئے بڑی طاقتیں اپنا دوہرا معیار ختم کریں۔ بچوں نے مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کرکے اسرائیل کو آئندہ حملے نہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ جبکہ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اگر فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو بند نہ کیا گیا تو اس سے مزید بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو گا لہذا اسرائیل کو فوری جنگ بندی پر مجبور کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرہ کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top