منہاج یورپین کونسل کا اجلاس - 2009ء

منہاج یورپین کونسل کا سالانہ اجلاس مورخہ 17 جنوری 2009ء بروز ہفتہ شام 8 بجے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں منعقد ہوا، جس میں مختلف تنظیمی امور زیربحث آئے۔ اجلاس میں منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری، صدر سید محمد ارشد شاہ، سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال اعظم، سینئر نائب صدر محمد نعیم چوہدری، ناظم ویلفیئر ڈاکٹر عابد عزیزخان، ناظم مصالحتی کونسل اعجاز احمد وڑائچ اور نائب ناظم نشرو اشاعت نوید احمد اندلسی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ یورپ بھر سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ملکی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی شرکت کی جن میں فرانس سے عبد الجبار بٹ (صدر)، رانا فیصل علی قادری(سیکریٹری جنرل)، مہر محمد ارشد (ناظم ویلفیئر)، محمد سہیل بٹ (سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک)، ہالینڈ سے سید مقصود شاہ (صدر)، تسنیم صادق (سیکریٹری جنرل)، جنوبی اٹلی سے حاجی اعجاز احمد (نائب صدر)، سمیع اللہ قادری (سیکریٹری جنرل)۔ شمالی اٹلی سے حاجی ارشد جاوید (نائب صدر)، صوفی محمد اشرف (سیکریٹری جنرل)۔ یونان سے محمد آصف قادری(ناظم دعوت)۔ ناروے سے فیض عالم ( سیکریٹری جنرل)۔ جبکہ میزبان تنظیم سپین کی جانب سے سرپرست محمد نواز کیانی، امیر تحریک علامہ عبد الرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، نائب صدر محمد اکرم بیگ، ناظم ممبر شپ حاجی محمد نذیر اداسی اور ناظم تعلقات عامہ محمد اقبال چوہدری نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے علامہ عبد الرشید شریفی نے کیا جس کے بعد اٹلی سے آئے ہوئے مہمان حاجی اعجاز احمد نے آقاء دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اپنا کلام پیش کیا۔ امیر تحریک منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے استقبالیہ کلمات کے بعد تمام ممالک کے نمائندگان کو اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ذمہ داران کا تعارف کروایا جس کے بعد دیگر ملکی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی اپنا تعارف کرایا۔ اس تعارفی نشست سے کے بعد علامہ عبد الرشید شریفی نے تحریک منہاج القرآن سے وابستہ افراد کے فوت شدگان اور اسرائیلی مظالم سے شہید ہونے والے فلسطینی مسلمانوں کے لیے بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کروائی۔

اجلاس کے ایجنڈے کا آغاز کرتے ہوئے علامہ حسن میر قادری نے منہاج مصالحتی کونسل ناروے کے صدر اعجاز احمد وڑائچ کا تفصیلی تعارف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان کے کام کو پسند کرتے ہوئے ان کو منہاج یورپین کونسل میں ناظم مصالحتی کونسل مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ ناروے حکومت نے بھی ان کے کام کو سراہا ہے اسی بنیاد پر اوسلو حکومت کی جانب سے ان کو سال 2008ء کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران منہاج مصالحتی کونسل کے سربراہ نے پراجیکٹر اور کمپیوٹر کی مدد سے منہاج مصالحتی کونسل کے تحت ہونے والے مختلف کاموں کے بارے بریفینگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ منہاج مصالحتی کونسل کے کام کو ناروے سے باہر پورے یورپ تک لیجانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک میں اس کی شاخیں قائم کرنے کے لیے ابھی سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایجنڈے کے اگلے پوائنٹ میں منہاج القرآن یورپ کی تنظیمات نے اپنی اپنی تنظیم کی پراگریس رپورٹ پیش کی۔ امیر تحریک، صدر اور ناظم نے تمام تنظیمات کے کاموں کو سراہا۔ سپین کی تنظیم کو Badalona اور یونان کی تنظیم کو نئے مراکز خریدنے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منہاج القرآن یونان کو مرکز منہاج القرآن لاہور کی جانب سے نئے مرکز کی تعمیر اور تکمیل پر گولڈ میڈل دیا گیا ہے۔ فرانس میں سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان کی زیرنگرانی یوتھ (لڑکے اور لڑکیوں) کے لئے خصوصی کلاسز کا اہتمام کیا گیا، ڈنمارک میں الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا اور ڈینش زبان میں عرفان القرآن اور منہاج السوی کے ترجمے کا کام کامیابی سے جاری ہے، شمالی اٹلی اور سپین میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ انٹرفیتھ اور بین الثقافتی معاملات پر مختلف پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے اور منہاج القرآن سپین کے تحت عرفان القرآن کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ کا کام بھی جاری ہے۔

ناظم ویلفیئر منہاج یورپین کونسل ڈاکٹر عابد عزیز خان نے مرکز منہاج القرآن لاہور پر یتیم بچوں کی کفالت کے منصوبہ آغوش پر تحریری اور تصاویری مواد کے ذریعے تفصیلی بریفینگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 30 کروڑ کی لاگت سے تکمیل تک پہنچنے والے اس 5 سالہ منصوبہ کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں 500 یتیم بچوں کی کفالت اور مکمل تربیت کا کام شامل ہے۔ اس منصوبہ کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے منہاج یورپین کونسل کے ممبران نے آپس میں گفتگو کے بعد تفصیلی لائحہ عمل کی منظوری دی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے منہاج یورپین کونسل کو اجلاس کے انعقاد اور مختلف منصوبہ جات کی تکمیل پر مبارک باد اور خصوصی دعائیں دیں اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ منہاج القرآن کے انتظامی امور میں منہاج یورپین کونسل ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

نوید احمد اندلسی نے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے انٹرنیٹ پر آغاز کردہ دو نئے سلاسل منہاج نیوز اور منہاج فورمز پر کمپیوٹر اور پراجیکٹر کی مدد سے بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام سے قبل تمام شرکاء نے منہاج یورپین کونسل کے کام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز دیں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین و منہاج یوتھ لیگ سپین کو منہاج یورپین کونسل کی میٹنگ کے انتظامات پر مبارک باد پیش کی اور آخر میں تمام شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا گیا۔

امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے پاکستان، عالم اسلام اور تحریک منہاج القرآن کی کامیابی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے صحت کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ اس طرح 9 گھنٹے تک جاری رہنے والا تاریخی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی
سیکریٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین
نائب ناظم نشرو اشاعت، منہاج یورپین کونسل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top