منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے زیراہتمام شہدائے کربلا کانفرنس
تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالم انسانیت کو اخوت و محبت کا عظیم درس دیا اور لوگوں کو حق و صداقت کی طرف دعوت دی لیکن معاشرے کی اصلاح و تربیت کے صلے میں انہوں نے کسی فرد سے بھی کسی انعام کا تقاضا نہیں کیا بلکہ صرف اتنا کہا کہ تم میرے قرابت داروں اور اہلِ بیت سے محبت کرو۔ ساتھ ہی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے محبت کرنے والوں کو یہ مژدہ بھی سنایا کہ عاشقانِ اہل بیت میرے ساتھ جنت میں اسی درجے پر فائز کئے جائیں گے جو میرے لئے منتخب ہو گا۔ ۔ ۔ یوں اہل بیت اطہار جو نہایت مقدس جماعت ہے ان سے محبت کرنا ہر مسلمان پر فرض ٹھہرا۔ ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار یومِ عاشور پر منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے زیراہتمام شہدائے کربلا کانفرنس میں علامہ ظل عمر قادری نے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے شہدائے کربلا کی یاد میں محافل سجانا بڑا مبارک اور باعثِ ثواب عمل ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے اندر حسینی کردار پیدا کرنے کی بھی ضرور ت ہے اور محبت امام حسین علیہ السلام کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اسلامی تشخص اور روایات کا تحفظ کریں۔ ۔ ۔ معرکہ کربلا تاریخ کا وہ باب ہے جو ہمیں حسینی اور یزیدی کردار کے مابین تمیز کرنا سکھاتا ہے اور آج بھی ہم حسینیت کو سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
علامہ محمد عقیل جلالی نے کہا کہ ہمیں مغرب پر حضرت امام حسین علیہ السلام کی اصل فکر کو واضح کرنا ہے کہ وہ کس طرح معاشرے سے ظلم کا خاتمہ کرنے اور امن کے قیام کیلئے کوشاں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امام حسین علیہ السلام ظلم و بربریت کے خلاف علمِ جہاد بلند نہ کرتے تو دنیا حریت و آزادی کے اصل مفہوم سے بے بہرہ ہوتی اور اسلام یوں باوقار انداز میں چہار دانگِ عالم میں اپنا پیغامِ محبت نہ پہنچا سکتا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ جنید عالم نے کہا کہ شہدائے کربلا کی یاد میں محافل سجانا اور ان کے ذکر سے قلوب و اذہان کو جِلا بخشنا یقیناً بڑا عظیم کام ہے مگر ہمیں آج کے دن روح حسین علیہ السلام کے ساتھ یہ عہد بھی کرنا ہے کہ ہم ہمیشہ ظلم و بربریت کے خلاف امن و محبت کے پیغام کو معاشرے تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی و اجتماعی اصلاح کے لئے ہمارے پاس اسوۂ حسینی موجود ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم پھر سے بامِ عروج تک پہنچ سکتے ہیں۔
خطیب و امام جامع مسجد منہاج القرآن علامہ محمد سعید ہاشمی نے ایمان افروز انداز میں تلاوت کلامِ مجید سے محفل کا آغاز کیا اور کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے دشتِ کربلا میں ثابت کر دیا کہ اسلام کو ماننے والے ظلم کو کسی حال میں بھی برداشت نہیں کرتے اور ظلم و فتنے کو جڑ سے اکھاڑ دینے کی سعی کرتے رہتے ہیں خواہ اس کے لئے انہیں جان کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑ جائے۔
نقیب محفل منہاج القرآن نیلسن کے جنرل سیکرٹری اور "میرا میگزین" کے چیف ایڈیٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ازل سے ہی حق و باطل اور ظلم و امن کا معرکہ جاری رہا ہے لیکن ہر دور میں خالقِ کائنات نے ہمیشہ حق پر چلنے والوں کو ہی فتح سے ہمکنار کیا۔ آج بھی امتِ مسلمہ اگر اپنا کھویا ہوا مقام اور ترقی و عروج حاصل کرنے کی خواہاں ہے تو ہم سب کو اسوۂ شبیری پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کے عظیم کردار کو صرف کتابوں کی زینت بنا چھوڑا ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پیغامِ کربلا کو اپنے کردار میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔ شرکاء نے فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا اور ہاتھ اٹھا کر اس بات کی تائید کی کہ دنیا میں امن و سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے ہر فرد اور قوم کو عدل و انصاف فراہم کیا جائے۔
کانفرنس میں قاری عبد العزیز اظہر، جمعیت حسان برطانیہ، مرزا محمد فاروق، حاجی محمد مشتاق، حسنین حنیف، اور منہاج نعت کونسل کے دیگر کئی احباب نے شرکت کی اور بارگاہِ حسینیت میں ہدیۂ منقبت پیش کیا۔ اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے اس محفل میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء سے محبت ہمارے دین کا حصہ ہے اور ہمیں ان کے کردار اور پیغام پر فخر ہے۔ اس اہم کانفرنس کے اہتمام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے صدر حاجی محمد یوسف، حاجی غضنفر علی، حاجی محمود اختر، حاجی غلام مصطفیٰ، حاجی فضل الرحمان، حاجی احمد رضا اور تنظیم کے دیگر رفقاء نے اہم کردار ادا کیا۔ یاد رہے کہ پینڈل کمیونٹی ریڈیو جو کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام اپنی مستقل نشریات پیش کر رہا ہے، اس کے ذریعے سے ہزاروں افراد اس محفل میں شریک تھے۔
آخر میں علامہ جنید عالم قادری نے پوری امت مسلمہ، ملک پاکستان کی خوشحالی اور بالخصوص فلسطین کے مسلمانوں کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں جامع مسجد منہاج القرآن اور منشاء سویٹ سنٹر کے خصوصی تعاون سے تیار کردہ لنگرِ حسینی تقسیم کیا گیا۔
تبصرہ