تیرے ہوتے جنم لیا میں‌ نے

تیرے ہوتے جنم لیا میں‌ نے
کیا کہوں‌ کیا ہے پا لیا میں نے

تیرے ہاتھوں میں خود کو بیچ دیا
سودا کتنا کھرا کِیا میں نے

گذرے وہ پل جو تیری سنگت میں
اپنا باطن سجا لیا میں نے

یاد رکھتا ہوں تجھ کو شام و سحر
باقی سب کچھ بھُلا دِیا میں نے

تیرا ہوں میں، بُرا ہوں یا ہوں بھلا
تُو بھی کہہ دے کہ "رکھ لیا میں نے"

میرے وجدان میں تُہی تُو ہے
اپنے اندر بسا لیا میں نے

وقتِ محشر بس اتنا کہہ دینا
"اِس کو اپنا گدا کیا میں نے"

ہے یہ ' جبّار ' تیرا دیوانہ
ہاں یہ دل تجھ کو دے دیا میں نے

(سگِ طاہر)
عبدالجبار

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top