مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ الدکتور تاثیر راجب التمیمی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس مرکز کا وزٹ

مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ الدکتور تاثیر راجب التمیمی مورخہ 7 فروری 2009ء کو مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس وزٹ کے لئے تشریف لائے۔ ڈاکٹر شیخ تاثیر راجب التمیمی سپریم کونسل آف شریعہ کے جج ہیں اور شریعہ سپریم کورٹ کے سربراہ ہیں اس کے علاوہ آپ فلسطینی سنٹر اور سولائزیشن ڈائیلاگ کے سربراہ بھی ہیں جبکہ بانی اسلام ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ہیں۔ آپ کے ساتھ صدر اسلامک کلچرل ایسوسی ایشن درانسی حسن شال گومی بھی موجود تھے۔ فرانس سنٹر پر سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری، سرپرست یورپین کونسل حاجی گلزار احمد، سینئر نائب صدر یورپین کونسل محمد نعیم چوہدری، ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل علامہ اقبال اعظم، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس عبدالجبار بٹ، صدر مجلس شوریٰ چوہدری محمد سعید، صدر عوامی تحریک طارق چوہدری، ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس فیصل علی قادری، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک فرانس سہیل بٹ اور سیکرٹری میڈیا راؤ خلیل احمد کے علاوہ دیگر احباب نے آپ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ آپ کی آمد سے عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں خوشی کی لہر دوڑگئی۔ آپ کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کا یہ اعزاز ہے کہ 80 سے زائد ممالک میں امن عالم، انسانی حقوق اور اسلام کے عالمی و آفاقی پیغام کو دنیا بھر پہنچانے کیلئے تنظیمات اور اسلامک سنٹرز موجود ہیں۔ اور اس کے رفقاء واراکین دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس مرکز پر جہاں دوسری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں وہاں ہر ماہ کے پہلے جمعۃ المبارک کو حلقہ درود کی محفل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جس میں پیرس اور اس کے گرد و نواح سے فرزندان اسلام جوق درجوق شرکت کرتے ہیں اور ذہنی وقلبی سکون حاصل کرتے ہیں۔ ماہ فروری کی محفل اس لحاظ سے بھی یادگار رہے گی کہ محفل کو رونق بخشنے کیلئے مسجد اقصیٰ کے امام ڈاکٹر شیخ تاثیر راجب التمیمی تشریف لائے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہواجس کی سعادت ڈائریکٹر مرکز سارسل قاری طاہر عباس نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قصیدہ بردہ شریف کی سعادت محمد یاسین، عامر نعیم اور حنیف مغل نے حاصل کی۔ محمد نعیم چوہدری نے معزز مہمانوں کو دعوت خطاب دی۔

مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ الدکتور تاثیر راجب التمیمی نے تمام فلسطینیوں کی جانب سے حاضرین کو سلام کہا۔ اور فرمایا کہ میں وہاں سے آیا ہوں جہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم مبارک لگے، جہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی آرام گاہ ہے۔ جہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امامت میں جملہ انبیاء کرام نے نماز ادا کی۔ آج ہم اس کی حفاظت کیلئے اپنے بچوں کے خون سے بھی دریغ نہیں کر رہے۔ ہم اس پاک گھر کی حفاظت کیلئے اپنے خون کا قطرہ بھی بہا دیں گے۔ وہ گھر صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں وہ آپ کا ہی ہے، ان شاء اللہ ہم ایک دن وہاں نماز پڑھیں گے۔ ہم یقیناً ایک دن ضرور کامیاب ہونگے۔

آپ نے اسلام کی خدمت کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالیٰ کی خدمات کو سراہا اور بیرون ممالک منہاج القرآن کے نیٹ ورک کی بھی تعریف کی اور تمام انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے آپ کو حضور شیخ الاسلام کی عربی کتب کا سیٹ پیش کیا گیا جسے آپ نے بخوشی قبول فرمایا۔ آپ کو لائبریری کا وزٹ بھی کروایا گیا اور ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس رانا فیصل علی قادری نے آپ کو بریفنگ دی۔

آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس عبد الجبار بٹ کی جانب سے معزز مہمانوں کیلئے پرتکلف عشائیہ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس موقع پرKBC ٹی وی کی ٹیم نے چوہدری صفدر برنالی کی سربراہی میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی انٹرویو ریکارڈ کیا۔ اس کے علاوہ منہاج یورپین کونسل کے سینئر نائب صدر نعیم چوہدری نے معزز مہمانوں کو انتظامیہ کا تعارف کروایا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top