منہاج القرآن ویمن لیگ کا 19 واں یوم تاسیس
(ایم ایس پاکستانی)
منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19 ویں یوم تاسیس کی تقریب مورخہ 6 جنوری کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون ویمن لیگ کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی۔ اس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی لخت جگر قرۃ العین فاطمہ مہمان خصوصی تھیں۔ ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز اور ویمن لیگ ایگزیکٹیو باڈی کی ممبران کے علاوہ امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور ناظم امور خارجہ جی ایم ملک بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
دوپہر گیارہ بجے تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ اس موقع پر قراۃ العین فاطمہ نے کہا کہ آج معاشرہ مجموعی طور پر ایک بگاڑ کا شکار ہے جہاں خواتین کی حالت قابل رحم ہے۔ ہم نے اسلام کی زریں تعلیمات سے تعلق توڑ کر حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات سے بھی ناطہ توڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خاتون خانہ سمیت ہر سطح پر عورت کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہیں۔ عورت کی عزت و توقیر کی بحالی کے بغیر معاشرتی ترقی نہیں ہو سکتی اور یہ صرف اس وقت ہی ممکن ہے جب عورت اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر خود کو حضرت فاطمۃ الزھرہ کے اسوہ پر ڈھال لے۔ ہم ہوا کی بیٹی کو معاشرے میں ایک مثالی ماں، بہن اور بیٹی کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کا قیام عمل میں آیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ہمیں اس ملک اور امت مسلمہ کی خواتین میں اس شعور کو بیدار کرنا ہے جس سے اسلام کی توقیر و عظمت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو ایسی تربیت دینی ہو گی جس سے وہ ایک بامقصد قوم بن سکیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے ملک بھر میں خواتین کے شعور کی بیداری کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اس کے تحت نا صرف دروس عرفان القرآن جاری ہیں بلکہ شیخ الاسلام کا پیغام بھی گھر گھر تک پہنچ رہا ہے۔ ان شاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے خواتین کے شعور کی بیداری کی مہم گھر گھر تک پھیل جائے گی۔ اس کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے دروس قرآن اور محافل ذکر و نعت کے علاوہ دیگر پروگرامز کو بھی مزید منظم انداز میں پھیلایا جا رہا ہے۔
پروگرام میں ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ کی ترقی خواتین کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں لہذا ہم یوم تاسیس کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے یہ عہد کرتے ہیں کہ اس ملک کی خواتین میں شعور کی بیداری کے لیے دن رات مہم جاری رہے گی۔ ہم نے یہ بھی عہد کیا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین کو ایک منظم پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اپنے کام کو مزید تیز کرنا ہے۔
پروگرام میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور شیخ زاہد فیاض نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں قراۃ العین فاطمہ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19 ویں یوم تاسیس کی خوشی میں اپنی ننھی بیٹی درۃ الزاھرہ کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔ اس کے بعد پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔
تبصرہ