مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف اور لاہور کی جملہ تنظیمات کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات مورخہ 22 فروری 2009ء کو ہوئی۔ ملاقات کے لئے امام اعظم امام ابوحنیفہ ہال میں خصوصی نشست منعقد کی گئی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، پروفیسر محمد نواز ظفر اور کالج آف شریعہ کے دیگر معزز اساتذہ کرام بھی یہاں موجود تھے۔ کالج آف شریعہ کے طلبہ کے علاوہ مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف کے تمام اراکین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قاری خالد حمید کاظمی کی تلاوت سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس کے بعد مختلف ثناء خواں حضرات نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔

سہ پہر 3 بجے شیخ الاسلام ہال میں تشریف لائے۔ اس موقع پر تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر آپ کا استقبال کیا۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ الاسلام کی بیرون ملک موجودگی کے دوران پاکستان میں تحریکی سرگرمیوں کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ جس پر شیخ الاسلام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام مرکزی قائرین اور سٹاف ممبران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔

ناظم مہمات ساجد محمود بھٹی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 58 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں مرکزی تقریبات کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام کی 58 ویں سالگرہ کو دنیا بھر میں جوش و خروش اور روایتی عقیدت کے ساتھ منایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی سیکرٹریٹ پر یکم فروری سے تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ قائد ڈے یعنی 19 فروری کے مرکزی پروگراموں کے علاوہ تحریک کے مختلف شعبہ جات نے الگ الگ اپنے طور پر تقریبات منعقد کی ہیں۔ شیخ الاسلام نے سالگرہ تقریبات منعقد کرنے پر مرکزی سیکرٹریٹ کے جملہ شعبہ جات کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اظہار خیال بھی کیا۔ آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو پیدا کیا اور اسے دنیا میں بھیجا۔ اس دنیا میں آنا بے مقصد نہیں ہے۔ اگر انسان اپنی زندگی کو بامقصد بنا لے اور یہ فکر رکھے کہ ایک دن اس نے واپس بھی جانا ہے تو پھر یہ زندگی ہے۔ ورنہ یہ شرمندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے اپنے طور پر یہ سوچنا ہو گا کہ ہم دنیا میں زندگی گزار رہے ہیں یا شرمندگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ آپ نے کہا کہ جس شخص نے دنیا کو ہی سب کچھ سمجھ لیا تو اس کی تباہی ہے اور جس نے آخرت کی فکر رکھی اور اس کا سامان بھی کیا تو وہ نجات پا گیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ہم سب کو دن رات ایک کر کے محنت کرنا ہوگی۔ یہ محنت دنیا کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً دین کے لیے ہے۔ جو خود کو سمجھتا ہے کہ وہ دین کو کسی نہ کسی طرح فائدہ پہنچا سکتا ہے تو وہ اس میں اپنا حصہ ڈالے۔ آپ نے کہا کہ آج مغربی دنیا میں اسلام کے بارے میں جو غلط تاثر پایا جاتا ہے۔ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن نے اسے کافی حد تک مغربی مستشرقین کے اعتراضات دور کر دئیے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن دنیا میں اسلام کا پرچم بلند کر کے رہے گی۔ اس پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔ پروگرام سے قبل مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف کو شیخ الاسلام کی طرف سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top