منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد امن مارچ
منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام یکم مارچ 2009ء کو استقبال میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان میلاد امن مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ کا آغاز کوپن ہیگن مرکز نیروبرو سٹیشن سے ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات کے علاوہ دیگر بہت سی مسلمان تنظیمات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ جبکہ اس مارچ کے انعقاد کیلئے مرکزی رول منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ادا کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اور ویمن یوتھ لیگ کی شرکت اور کارکردگی بھی بہت عمدہ اور مثالی تھی۔
جلوس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور درود شریف سے ہوا جس کی سعادت حافظ ظہیر احمد قادری نے حاصل کی۔ جلوس کے شرکاء راستے میں نعرہ ہائے تکبیر و رسالت اور نعتیں پڑھتے ہوئے وجد آفرین انداز میں آگے بڑھتے رہے، ایک عجب سماں تھا۔ شدید سردی کے باوجود حاضرین کے جوش و جذبے میں کوئی کمی نہ تھی۔
بزرگ خواتین و حضرات اور بچوں کیلئے ایک خصوصی بس کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ جس کو خوبصورت درود پاک اور مختلف فرمودات نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بینرز کے ساتھ سجایا گیا تھا جلوس کے ماحول کو دیکھ کر یوں لگ رہا تھا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خصوصی توجہات نے پورے جلوس کو اپنے نور کے ہالے میں لے رکھا ہے۔ ڈنمارک کی سرزمین پر میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے یہ جلوس سب سے پہلا اور منفرد نوعیت کا تھا۔ جسکو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی نے بھی بہت سراہا، جلوس میں مردوں، عورتوں اور بچوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ اہل عرب اور دیگر کمیونٹیز نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے آخر پر ناظم دعوت و تربیت قیصر نجیب نے ڈینش زبان میں تمام شرکاء جلوس کا شکریہ ادا کیا۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک سید محمود شاہ نے تمام حاضرین، مقامی علماء کرام اور تنظیمات کا شکریہ ادا کیا اور اس اعلان کے ساتھ آئندہ بھی ہر سال عظیم الشاں میلاد مارچ کیا جائے گا۔ آخر میں شرکاء میں جوس اور کیک تقسیم کیا گیا اس کے ساتھ ہی جلوس کا اختتام ہوا۔
رپورٹ: محمد بلال اوپل (ناظم ڈنمارک)
مرتب: میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)
تبصرہ