منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

مورخہ: 10 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہایت ہی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر سال نہایت ہی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام ہر سال مشعل بردار جلوس اور میلاد کانفرنس کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں پاکستان سے ثناء خوان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کے لیے تشریف لاتے ہیں اس سال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی نائب ناظم علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور معروف نعت خواں میاں محمد سرور صدیق میلاد کانفرنس میں خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لائے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہزاروں کی تعداد میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام میں شرکت کر کے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں مشعل بردار جلوس بھی نکالا گیا جس کو امن مارچ کا نام دیا گیا تھا، امن مارچ میں شریک ہر شخص کی زبان پر درود و سلام کے نغمے جاری تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں منہاج یوتھ لیگ اور سسٹر لیگ نے مصنوعی روشنیوں سے آسمان کو روشن کیا جس کا نظارہ محفل میں شریک ہزاروں شرکاء اور نارویجن شہریوں نے اپنے گھروں سے کیا اور اس دلکش منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔ پروگرام کا آغاز کلام الٰہی سے کیا گیا جس کی سعادت جماعت اہلسنت ناروے کے نائب امام و خطیب قاری محمود الحسن گولڑوی نے حاصل کی اور نعت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت شیمہ نعت کونسل کی سسٹرز نے حاصل کی جس میں، فاطمہ ظفر، آمنہ ظفر، اقراء مشتاق، ذونیرا مشتاق اور عائشہ نور شامل تھیں۔

منہاج القرآن اوسلو کے امیر علامہ حسن میرقادری نے استقبالیہ کلمات ادا کیے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پاکستان سے تشریف لائے ہوئے نعت خواں منہاج نعت کونسل کے رکن سرورصدیق نے اپنے پیارے اور مخصوص انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچاور کیے اور حاضرین اپنے جذبات کا اظہار نعرہ تکبیر و رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کرتے رہے۔ اس موقع پر ہال میں موجود ہر شخص کی زبان پر درود و سلام کے نغمے جاری تھے اور ہر کوئی مداح رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (سرور صدیق) کی آواز میں اپنی آواز ملا کر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچاور کرتا نظر آیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ غلام مرتضی علوی تھے۔ انہوں نے نہایت ہی پرجوش اور مدلل خطاب کیا جس میں انہوں نے میلاد پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منانے کی اہمیت کو قرآن و حدیث سے اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقاء دوجہاں محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و عشق دنیا و آخرت میں کامیابی اور ایمان کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہو گی تو تب ہی اللہ ہماری بندگی بھی قبول کرے گا۔

انہوں نے میلاد پاک کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار اپنے عمل سے بھی ثابت کریں تاکہ اللہ پاک اپنے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے واسطے میں ہمیں اپنی اور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت و فرمانبرداری عطا فرمائے۔ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن ستاونگر کے امیر علامہ حافظ عابد کشمیری نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں ادا کیے۔ پروگرام کے آخر میں سب مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی اور عامر شیخ کی طرف سے اس موقع پر سب مہمانوں کو کولڈ ڈرنک پیش کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر (ناروے)
مرتب: میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top